LIVE

وزیر اعظم شہبازشریف نے مہنگائی میں کمی کو عوام کیلئے اچھی خبر قرار دے دیا

ویب ڈیسک
May 02, 2024
 

فوٹو: فائل

وزیراعظم شہبازشریف نے مہنگائی میں کمی کو عوام کے لیے اچھی خبر قرار دے دیا۔

حکومت پاکستان کے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 39 فیصد سے پہلے 20 فیصد اور اب 17 فیصد پر آگئی ہے ،دو سال میں مہنگائی کا کم ترین سطح پر آنا معاشی بہتری کے آثار ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 16 ماہ میں جو محنت کی، نگران حکومت نے اسے جاری رکھا، یہ اسی کے ثمرات ہیں ،مہنگائی میں کمی اولین ہدف ہے، اللہ تعالی کے فضل وکرم سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی ، پیٹرول کی قیمتوں میں کمی سے بھی عوام کو ریلیف ملے گا۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ صوبائی حکومتیں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور اشیائے خورد و نوش کے سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں، اسی سمت میں چلتے رہنے سے عوام کی زندگیوں میں مزید بہتری ہوگی۔

واضح رہے کہ اپریل میں مہنگائی کی شرح میں 3.4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

 ادارہ شماریات کے مطابق مارچ 2024 میں مہنگائی کی شرح 20.7 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی تاہم اپریل میں یہ شرح 3.4 فیصد کمی کے بعد 17.3 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

اس کے علاوہ ایشین ڈیولپمنٹ بینک (اے ڈی بی)، اسٹیٹ بینک اور شماریات بیورو نے اپنی رپورٹس میں پاکستان کی معاشی کارکردگی کو مثبت سمت کی جانب گامزن قرار دیا ہے۔