LIVE

وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات

اعزاز سید
May 03, 2024
 

فوٹو: پی آئی ڈی

گیمبیا میں اسلامی سربراہی کانفرنس کے موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق 15 ویں اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر ہونے والی اس ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔

ملاقات کے موقع پر اسحاق ڈار نے غزہ میں فوری جنگ بندی اورانسانی امداد کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے فلسطین مسئلے پر پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کیا۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز  زہرا بلوچ کے مطابق او آئی کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کے موقع پر وزیر خارجہ  نے فلسطین کے مقبوضہ علاقوں سے اسرائیل کے انخلا کے پاکستانی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے فلسطینی عوام کی فلسطین کی سرزمین پر  واپسی کے حق کی بحالی کا بھی مطالبہ کیا۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں نائب وزیراعظم پاکستان اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار  نے مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے او آئی سی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے امن اقدامات کیلئے پاکستان کی مکمل حمایت کا بھی اظہار کیا۔