LIVE

پی ایس ایل کے میچز مزید دلچسپ بنانےکیلئے نئی تجاویز پر غور

فیضان لاکھانی
May 04, 2024
 

فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے مقابلوں کو مزید بہتر  بنانےکے لیے پی ایس ایل اور فرنچائز کی انتظامیہ  نے پلیئنگ کنڈیشنز  میں ترامیم  پر ابتدائی غور کیا ہے۔

ان تجاویز میں ٹاس کے وقت دونوں ٹیموں کا دو، دو ٹیم شیٹس دینا اور بگ بیش کی طرز  پر پاور سرج کا آپشن شامل ہے ۔

پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے  لیے پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس لاہور میں ہوا جس میں مختلف معاملات پر غور کیا گیا، ان میں سے ایک نکتہ مستقبل کے مقابلوں کو مزید دلچسپ بنانے کے لیے پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلی کا تھا۔

ذرائع کے مطابق پلیئنگ کنڈیشنز  میں ایک تجویز یہ  ہےکہ ٹاس کے موقع پر دونوں ٹیمیں دو ، دو شیٹس فراہم کریں گی اور ٹاس کے نتیجے کے بعد دونوں میں سے ایک ٹیم شیٹ کو حتمی الیون سمجھا جائےگا،  اس کا مقصد ٹاس ہارنے والی ٹیم کے نقصان کوکم کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ میں پاور سرج کے آپشن کو متعارف کرانے پر بھی غور کیا گیا، یہ پاوور سرج بگ بیش لیگ میں بھی ہے جس کے تحت ٹیمیں گیارہویں اوور سے اننگز کے اختتام تک کسی دو اوور میں پاور  پلے لے سکتی ہیں  جس کے دوران صرف دو فیلڈر دائرے سے باہر ہوں گے،  ایسی صورت میں ابتدائی پاوور پلے چار اوور تک محدود ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ پی ایس ایل انتظامیہ امپیکٹ پلیئر  یا ایکس فیکٹر جیسی پلیئنگ کندیشن کے حق میں نہیں ہے تاہم لیگ منیجمنٹ اور  فرنچائز مالکان کے درمیان اس پر مزید تبادلہ خیال ہوگا۔

 پی سی بی نے فرنچائز سے بھی اس حوالے سے تجاویز طلب کی ہیں۔