LIVE

'2 لاکھ مریضوں کو گھر کی دہلیز پر دوائیں ملیں گی'، وزیر اعلیٰ پنجاب نے پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا

ویب ڈیسک
May 05, 2024
 

فوٹو: مسلم لیگ ن ایکس

وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبےمیں فری میڈیسن ہوم ڈیلیوری پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا۔

لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پراجیکٹ 'مفت دوا ، آپکی دہلیز پر' کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 8 ہفتے کی قلیل مدت میں عوامی فلاح و بہبود کا اتنا بڑا پراجیکٹ شروع کر دیا۔

 مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ 2013 میں ن لیگ کا گھروں میں ادویات ڈیلیوری پراجیکٹ گزشتہ حکومت نے ختم کر دیا تھا،ن لیگ کی حکومت کے پراجیکٹس تباہ کرنے کیلئے فتنے آجاتے ہیں، پھر ملک کا ایسا حال ہوتا ہے جہاں ہم آج کھڑے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آج سے دو لاکھ مریضوں کو ان کے گھر کی دہلیز پر دوائیں فراہم کریں گے، فری میڈيسن منصوبے میں ٹی بی، ہیپاٹائٹس اور دل کی بیماریوں کی دوائيں بھی شامل ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ نواز شریف اور شہباز شریف کی رہنمائی میں عوام کی خدمت کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، چاہتی ہیں کہ 5 سال بعد صوبےمیں کوئی شخص علاج کی سہولت سے محروم نہ رہے ۔

بعد ازاں مریم نواز ادوایات لےکر شادمان کچی آبادی میں رسولاں بی بی اور منور ملک کے گھروں میں پہنچ گئیں،مریضہ رسولاں بی بی وزیراعلیٰ کو دیکھ کر جذباتی ہوگئیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے نے ٹی بی اور ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی رجسٹریشن کے عمل کا دوبارہ باقاعدہ آغاز کرنےکےعلاوہ ادویات کا معیار چیک کرنے کے لیے قائم ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کا معائنہ بھی کیا اور  ایف ایم صحت زندگی کا دورہ بھی کیا۔