LIVE

رانا ثنا اللہ کا ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے ججوں کی ریٹائرمنٹ کی عمر ایک کرنے کا مطالبہ

ویب ڈیسک
May 05, 2024
 

فوٹوـ فائل

مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی اور سرکاری امور رانا ثنا اللہ نے ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے ججوں کی ریٹائرمنٹ کی عمر ایک کرنے کا مطالبہ کردیا۔ 

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے ججوں کی ریٹائرمنٹ کی عمر ایک کی جائے، چیف جسٹس کی مدت بھی فکس ہونی چاہیے ۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہاں تو یہ بھی ہوا ہے کہ 14 ،14 دن کے چیف جسٹس بھی بنے ہیں، کوئی بھی ادارہ ایسا نہیں جس کے سربراہ کی مدت فکس نہ ہو، دونوں معاملات ڈسکس ہورہے ہیں اور سب سے زیادہ عدلیہ اور بار میں یہ بات ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خان زادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا تھا کہ چیف جسٹس کی مدتِ ملازمت 3 سال کرنے یا پھر سپریم کورٹ کے ججوں کی ریٹائرمنٹ کی عمر 65 سے بڑھا کر 68 سال کرنے پر بھی باتیں سننے میں آرہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تاہم ابھی تک بطور وزیرِ قانون اس پر انہیں کام کی ہدایت نہیں ملی ، لیکن وہ اس معاملے کو مسترد نہیں کریں گے۔