LIVE

فون استعمال کرنے سے منع کیوں کیا؟ بہن نے بڑے بھائی کو کلہاڑی کے وار سے قتل کر دیا

ویب ڈیسک
May 05, 2024
 

قتل کرنے کے بعد اس نے اپنے کپڑوں سے خون صاف کیا اور پڑوسیوں کو بھائی کے قتل ہونے کا بتایا: لڑکی کا پولیس بیان/ فائل فوٹو

فون استعمال کرنے سے منع کرنے پر بہن نے اپنے بڑے بھائی کو قتل کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں پیش آیا جہاں 18 سالہ بھائی نے اپنی بہن کو موبائل فون پر لڑکوں سے بات کرنے پر منع کیا جس پر بہن نے طیش میں آکر بھائی کو  مار ڈالا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر 14 سالہ بہن کو گرفتار کرلیا۔

زیر حراست لڑکی نے پولیس کو بیان دیا کہ وہ فون پر لڑکوں سے بات کر رہی تھی جس پر بھائی نے منع کیا تو اسے غصہ آگیا اور جب بھائی سوگیا تو اس نے گلے پر کلہاڑی مار کر اسے قتل کر دیا۔

لڑکی نے بتایا کہ واقعے کے وقت والدین اپنے کام پر گئے ہوئے تھے، قتل کرنے کے بعد اس نے اپنے کپڑوں سے خون صاف کیا اور  پڑوسیوں کو بھائی کے قتل ہونے کا بتایا۔

پولیس کے مطابق لڑکی کو گرفتار کرکے مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔