LIVE

سمندر میں تیرنے والے دنیا کے پہلے شہر کی اولین تصویر سامنے آگئی

ویب ڈیسک
May 05, 2024
 

یہ شہر مکمل ہونے پر ایسا نظر آئے گا / فوٹو بشکریہ واٹر اسٹوڈیوز

دنیا کا پہلا سمندر کے اوپر تیرنے والا شہر بحر ہند کے نیلگوں پانیوں میں تیزی سے ابھرتا جا رہا ہے۔

مالدیپ کے دارالحکومت مالے سے کشتی سے 10 منٹ کے سفر کی مسافت پر بحر ہند کے پانیوں میں شہر ابھر رہا ہے۔

اس شہر پر کافی عرصے سے کام کیا جا رہا ہے اور اب وہاں جاری تعمیراتی کام کی اولین سیٹلائٹ تصویر سامنے آئی ہے۔

اس حیرت انگیز منصوبے پر مالدیپ کی حکومت ایک ڈچ کمپنی واٹر اسٹوڈیوز کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔

خلا سے لی گئی اس شہر کی تصویر / فوٹو بشکریہ Maxar Technologies

یہ کوئی تجربہ یا مستقبل کے جدید شہر کا کانسیپٹ ماڈل نہیں بلکہ مالدیپ کو سمندر کی سطح میں اضافے سے لاحق خطرات سے بچانے کا ایک حل ہے۔

1190 جزائر پر مشتمل مالدیپ موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں سے ایک ہے۔

ماہرین کے تخمینے کے مطابق سمندری سطح میں اضافے کے نتیجے میں لگ بھگ پورا مالدیپ اس صدی کے آخر تک سمندر میں ڈوب سکتا ہے۔

مگر ایک تیرنے والا شہر سمندر کی سطح بلند ہونے پر بھی محفوظ رہ سکتا ہے۔

شہر کے اندر گھروں کا ایک خاکہ / فوٹو بشکریہ واٹر اسٹوڈیوز

اس شہر کی تعمیر تو 2027 میں مکمل ہوگی مگر وہاں لوگوں کے بسنے کا عمل 2025 سے شروع ہو سکتا ہے۔

لوگوں کے بسنے کا عمل 2022 میں شروع ہونا تھا مگر کچھ مسائل کے باعث ایسا ممکن نہیں ہوسکا تھا۔

اس شہر میں 5 ہزار گھر تعمیر کیے جائیں گے جن میں 20 ہزار افراد کے قیام کی گنجائش ہوگی۔

شہر کے اندر سفر کشتیوں سے ممکن ہوگا / فوٹو بشکریہ واٹر اسٹوڈیوز

یہ گھر بنیادی طور پر موڈیولر یونٹ ہوں گے، جن کو ایک مقامی شپ یارڈ میں تعمیر کرکے اس نئے شہر تک پہنچایا جائے گا اور وہاں زیرآب موجود کنکریٹ سے جوڑ دیا جائے گا۔

شہر میں بجلی کے حصول کے لیے سولر انرجی سے مدد لی جائے گی جبکہ ائیر کنڈیشنرز کے متبادل کے طور پر گہرے پانی کی ٹھنڈک کو استعمال کیا جائے گا۔

اس شہر میں رہنے والے کہیں جانے کے لیے کشتیوں، سائیکل یا الیکٹرک اسکوٹرز کا سہارا لیں گے یا پیدل بھی گھوم سکیں گے۔