LIVE

موجودہ دور حکومت میں بھی گندم درآمدکا سلسلہ جاری رہا، شہبازشریف ہی وزارت کے انچارج تھے

ایاز اکبر یوسف زئی
May 05, 2024
 

اسلام آباد: موجودہ  حکومت کے دور  میں بھی گندم کی درآمد کا سلسلہ جاری رہا  اور  اس وقت وزیراعظم  شہباز شریف ہی وزارت فوڈ سکیورٹی کے  انچارج وزیر  تھے۔

3 اپریل کو رانا تنویرکو  وزارت فوڈ سکیورٹی کا قلمدان دینے سے قبل وزارت کے انچارج خود شہباز  شریف تھے۔ وزیراعظم گندم درآمد معاملے پر سیکرٹری فوڈ کو او ایس ڈی بنا چکے ہیں۔

جیو نیوز کو موصول دستاویز کے مطابق نگران دور میں27 لاکھ 58 ہزار 226  میٹرک ٹن گندم درآمدکی گئی تھی، مارچ 2024 میں57  ارب 19 کروڑ  20  لاکھ روپے مالیت کی گندم درآمد کی گئی۔

دستاویز کے مطابق  رواں مالی سال فروری تک 225 ارب 78 کروڑ 30 لاکھ روپےکی گندم امپورٹ ہوئی، رواں مالی سال مارچ تک کل 34 لاکھ 49 ہزار 436 میٹرک ٹن گندم درآمد کی گئی، رواں مالی سال مارچ تک 282  ارب97 کروڑ 50 لاکھ روپےکی گندم درآمد کی گئی۔

دوسری جانب گندم درآمد اسکینڈل کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آج ہونے والے اجلاس میں دستاویزات اور  اعدادوشمار کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں کسی حکومتی، سیاسی یا سرکاری شخصیت کو طلب نہیں کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق انکوائری کمیٹی کی آج وزیراعظم شہباز شریف سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی، انکوائری کمیٹی کی رپورٹ ابھی تکمیل کے مراحل میں ہے، ابھی تک ابتدائی رپورٹ کسی کو  پیش نہیں کی گئی۔