LIVE

زبردستی بٹھائی گئی حکومت کو ڈائیلاگ کیلئے فارم 45 پر آنا پڑےگا: حافظ نعیم الرحمان

ویب ڈیسک
May 05, 2024
 

فوٹو: فائل

امیر  جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہےکہ زبردستی بٹھائی گئی حکومت کس سےکہہ سکتی ہےکہ بات کریں، ڈائیلاگ کے لیے حکومت کو فارم 45  پر آنا پڑے گا۔

جیو نیوز کے  پروگرام 'جرگہ' میں گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ فوج، عدلیہ، مقننہ، سیاستدان  اور  بیوروکریسی سب کے لیے آئین میں سب کچھ موجود ہے، بنیادی دستاویز  آئین کا احترام کرناشروع کریں تو ملک کے لیے بہت بہتر  ہوجائےگا، جو لوگ رجیم چینج میں شریک تھے وہ قوم سے معافی مانگیں۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ  پیپلز پارٹی بہت زیادتی کر رہی ہے، اندرون  سندھ اسکولوں کی حالت جا کر دیکھیں، سندھ میں تعلیم کا بجٹ 321 ارب ہے لیکن 70 سے 80 فیصد خرچ نہیں ہوتا، سندھ میں تعلیم کے شعبے میں جعلی بھرتیاں ہیں،گھوسٹ اسکول ہیں، پیپلزپارٹی ایک خاندان اور 40 کے قریب وڈیروں کا نام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ طاقتور ترین شخص نے نگراں حکومت کے دور میں کراچی میں کہا تھا کہ ہم سسٹم  ختم کردیں گے ، کراچی میں سسٹم کےنام پر زمینوں،سوسائٹیوں پر قبضےکاکام چلتا ہے، کراچی میں سوسائیٹیوں میں ایڈمنسٹریٹر بنا کر قبضہ سسٹم  پھر شروع کردیا گیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ عوامی تائید  سے انتخابی عمل کے  ذریعے انقلاب لانا چاہتے ہیں۔ آئی پی پیز سے معاہدوں کی قیمت عوام  سے  وصول کی جا رہی ہے، ملک میں 2 کروڑ  62 لاکھ  بچے تعلیم  سے محروم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ  پاکستان کے پاس چین، افغانستان اور ایران سے تجارت کے مواقع ہیں، جس نے شہ رگ پر قبضہ کیا ہے اس سے تجارت ٹھیک بات نہیں، دوست سے لڑیں اور جس نے قبضہ کیا ہے اس سے تجارت ٹھیک نہیں۔ جس نے فلسطین پر سودے بازی کی قوم اسے معاف نہیں کرے گی۔