LIVE

کراچی میں کل سے میٹرک امتحانات کا آغاز، ہزاروں طلبا کو ایڈمٹ کارڈ جاری نہ ہوسکے

ویب ڈیسک
May 06, 2024
 

کراچی میں کل سے میٹرک کے  امتحانات کا  آغاز  ہو  رہا ہے تاہم ہزاروں طلبا کو  ایڈمٹ کارڈ  جاری نہیں ہوسکے۔

میٹرک بورڈ کے باہر  ایڈمٹ کارڈ کے حصول کے لیے طلبا اور  والدین کی بڑی تعداد  جمع ہے۔ امتحانی فارم جمع کرانےکے لیے  بھی کئی طلبا بورڈ  آفس میں موجود ہیں۔

طلبا کا کہنا ہےکہ  امتحان کا ایڈمٹ کارڈ دینا اسکول و بورڈ  انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔

دوسری جانب ترجمان میٹرک بورڈ کا مؤقف ہےکہ  ایڈمٹ کارڈ کی فراہمی کا سلسلہ 30 اپریل سے جاری ہے، جن اسکولوں نےآن لائن فارم جمع کرائے تھے  وہ آن لائن  پرنٹ حاصل کرسکتے ہیں، آخر ی دن ایک ساتھ کئی اسکول ایڈمٹ کارڈ  پرنٹ کرتے ہیں تو لوڈ  بڑھ جاتا ہے۔

ترجمان کے مطابق  اسکول انتظامیہ اپنی آئی ڈی پاس ورڈ کے ساتھ بورڈ آفس سے بھی پرنٹ نکال سکتی ہیں۔

میٹرک بورڈ کے اعلامیےکے مطابق  امتحانی فارم جمع کرانے کاایک اور آخری موقع دیا جارہا ہے۔ نہم،دہم کےامتحانی فارم 3500روپےلیٹ فیس کےساتھ 10 مئی کو جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق 7سے 11مئی 2024  تک رہ  جانے والے پرچے امتحانات کے اختتام کے بعد لیے جائیں گے۔