LIVE

پاکستان کی مشکل وقت میں مدد کرنے پر سعودی عرب کا مشکور ہوں: وزیر اعظم

ویب ڈیسک
May 06, 2024
 

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی مشکل وقت میں مدد کرنے پر سعوی عرب کا مشکور ہوں، اس  کی فراخ دلی کو سراہنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔

اسلام آباد میں سعودی سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کے اعزاز میں عشائیے کی تقریب منعقد ہوئی جس سے وزیراعظم شہباز شریف نے خطاب بھی کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف  نے اپنے خطاب میں کہا کہ سعودی عرب کی پاکستان کیلئے فیاضی بے مثال ہے، سعودی کمپنیوں کے وفد کا دورہ پاکستان دونوں ملکوں کے لیے مفید ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی معیشت بہت تیزی سے ترقی کرنے والے ملکوں میں شامل ہے، زراعت ،آئی ٹی ،ٹیکنالوجی سمیت کئی شعبوں میں سعودی عرب ترقی کر رہا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے خطاب میں کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، سعودی عرب 7 دہائیوں سے پاکستان کا ساتھ دے رہا ہے، اس کی پاکستان کیلئے فیاضی بے مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا پاکستان کی مشکل وقت میں مدد کرنے پر مشکور ہوں، سعودیہ کی کی فراخ دلی کو سراہنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں،  محمد بن سلمان پاکستان کی ہر سطح پر مدد کے لیے تیار ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ سعودی کمپنیاں پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں، اگر آپ وقت کے ساتھ تبدیل نہیں ہوتے تو وقت کبھی بھی آپ کا انتظار نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی انویسٹرز کا دورہ کامیاب بنانے کیلئے جنرل عاصم منیر کا خصوصاً شکر گزار ہوں، آرمی چیف نے سعودی دورہ کامیاب بنانے کیلئے قابل ذکر سپورٹ، انتھک محنت کی۔

دوسری جانب سعودی نائب وزیر سرمایہ کاری ابراہیم المبارک نے کہا  کہ وزیراعظم شہباز شریف کی فراخ دلی کے شکر گزار ہیں ، وزیراعظم سے دو ہفتے پہلےکی ملاقات کے بعد ہمارا پاکستان آنا ثبوت ہے کہ پاکسستان سے ہماری دوستی اور شراکت داری بہت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد کی ہدایت پر ہم تیزی سے پاکستان آئے اور مواقع کی تلاش پر تبادلہ خیال کیا۔