LIVE

احتساب عدالت نے صدر زرداری کیخلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس پرکارروائی روک دی

ارفع فیروز
May 07, 2024
 

احتساب عدالت اسلام آباد نے صدر مملکت آصف زرداری کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں سے متعلق ریفرنس پر کارروائی روک دی۔

صدر مملکت آصف زرداری کی جانب سے وکیل فاروق ایچ نائیک احتساب عدالت پیش ہوئے اور  صدر آصف زرداری کے خلاف کارروائی روکنےکی درخواست دائر کی۔

وکیل فاروق ایچ نائیک نے مؤقف اختیار کیا کہ قانون کے مطابق آصف زرداری کو صدارتی استثنیٰ حاصل ہے، آصف زرداری جب تک صدر مملکت ہیں ان کے خلاف کیس آگے نہیں چل سکتا۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا  نے صدر مملکت آصف زرداری کے خلاف ریفرنس کی کارروائی روکنے کی درخواست منظور کرلی اور کہا کہ آصف زرداری کےخلاف ریفرنس آگے نہیں چل سکتا جب تک وہ صدر مملکت کے عہدے پر فائز ہیں۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے  توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس میں  بریت کی درخواست دائر کردی ۔

احتساب عدالت نے  درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے نواز شریف کی درخواست پر دلائل کے لیے 23 مئی کی تاریخ مقرر کردی۔