LIVE

نیتن یاہو کے متوقع وارنٹ گرفتاری جاری کرنے پر امریکی سینیٹرز کی عالمی عدالت پر پابندیوں کی دھمکی

ویب ڈیسک
May 08, 2024
 

جرائم کی عالمی عدالت اسرائیلی حکام کو غزہ کے معاملے میں ذمہ دار ٹھہراتی ہے تو یہ نا صرف اسرائیل بلکہ امریکا کی خود مختیاری پر بھی حملہ تصور ہوگا: امریکی سینیٹرز/ فائل فوٹو 

واشنگٹن: کئی امریکی سینیٹرز نے جرائم کی عالمی عدالت کے چیف پراسیکیوٹر کریم خان کو فلسطینیوں کی نسل کشی میں ملوث اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور دیگر حکام کے متوقع وارنٹ گرفتاری جاری کرنے پر دھمکی دیدی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 12 ریپبلکن سینیٹرز کی جانب سے آئی سی سی کے چیف پراسیکیوٹر کریم خان کو لکھے گئے خط میں نیتن یاہو سمیت اسرائیلی حکام کے خلاف وارنٹ جاری کرنے کی صورت میں جرائم کی عالمی عدالت کے خلاف پابندیاں لگانے کی دھمکی دی گئی ہے۔

ریپبلکن سینیٹرز کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ اگر عالمی عدالت نیتن یاہو یا دیگر اسرائیلی حکام کو  غزہ کے معاملے میں ذمہ دار ٹھہراتی ہے تو  یہ ناصرف اسرائیل بلکہ  امریکا کی خود مختاری پر بھی حملہ تصور ہوگا۔

12 امریکی ریپبلکن سینیٹرز کی جانب سے عالمی عدالت جرائم کے چیف پراسیکیوٹر کریم خان کو لکھا گیا خط: فوٹو/ عالمی میڈیا

امریکی سینیٹرز کی جانب سے لکھے گئے خط میں 12 ریپبلکن سینیٹرز کے دستخط بھی موجود ہیں۔

یاد رہے عالمی عدالتِ انصاف میں غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی جارحیت کی تحقیقات جاری ہیں، فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک  34 ہزار  سے زائد فلسطینی شہید جب کہ  78 ہزار  سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیل عالمی برداری کی مخالفت کے باوجود رفح پر حملہ کرچکا ہے، عالمی برادری  پہلے ہی اسرائیل کو رفح میں زمینی آپریشن کی صورت میں تباہ کن نتائج سے خبردار کرچکی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس قسم کی قیاس آرائیاں زیر گردش ہیں کہ جرائم کی عالمی عدالت نیتن یاہو سمیت اعلیٰ اسرائیلی حکام کے وارنٹ گرفتاری جاری کر سکتی ہے۔