LIVE

پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن 'آئی کیوب قمر' کامیابی سے چاند کے مدار میں داخل

انیبہ ضمیر شاہ
May 08, 2024
 

پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن' آئی کیوب قمر' کامیابی سے چاند کے مدار میں داخل ہوگیا، مشن 3 سے 6 ماہ تک چاند کے مدار میں گردش کرے گا۔

ترجمان سپارکو کے مطابق خلا میں بھیجا گیا پاکستانی آئی کیوب قمر چاند کے مدار میں داخل ہوگیا، سیٹلائٹ آئی کیوب قمر 16 مئی کو پہلی تصویر زمین پر بھیجے گا۔

ترجمان نے بتایا کہ آئی کیوب قمر پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1:14 بجے چاند کے مدار میں داخل ہوا، سیٹلائٹ چاند پر تعیناتی کے بعد ڈیزائن کردہ تیکنیک کے عین مطابق کام کر رہا ہے۔

ترجمان سپارکو کے مطابق آئی کیوب قمر کا امیجنگ پے لوڈ مکمل طور پر فعال ہے، اگلے 2 دن تک سیٹلائٹ کی مدد سے چاند کے مدار کے اندر مکمل جانچ کی جائے گی۔

ترجمان نے  بتایا کہ آئی کیوب قمر کے کنٹرولرز ، سب سسٹمز اور پروٹو کولز کی مدار میں ٹیسٹنگ کا سلسلہ جاری ہے، یہ مشن چاند کے مدار میں پہنچنے کے بعد 5 سے 6 دن تک تجرباتی مراحل میں رہےگا۔

ترجمان کے مطابق ٹیسٹ اور آلات کے آپریشنل ہونے کے بعد 16 مئی تک چاند کی پہلی تصویر موصول ہوگی۔

یاد رہے کہ آئی کیوب قمرکوچینی مشن چینگ6 کےساتھ 3مئی کو ہینان اسپیس لانچ سائٹ سےخلامیں بھیجا گیا تھا۔