LIVE

پاکستان 13 سال بعد اذلان شاہ ہاکی کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

فیضان لاکھانی
May 08, 2024
 

فوٹو:  سلطان اذلان شاہ کپ

پاکستان ہاکی ٹیم 13 سال بعد سلطان  اذلان شاہ کپ کے فائنل میں پہنچ گئی۔

ملائیشیا میں جاری 30ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں جاپان نے ملائیشیا کو شکست دیدی اس کے ساتھ پاکستان اور جاپان نے  اذلان شاہ کپ فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

جاپان نے ملائیشیا کو 1-2 سے شکست دی جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان اور جاپان کے 10 ، 10 پوائنٹس ہوگئے جس کی وجہ سے جاپان اور پاکستان کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں۔

بدھ کو پاکستان نے اپنے چوتھے پول میچ میں کینیڈا کو 4-5 گول سے شکست دے کر ایونٹ کے فائنل کے لیے مضبوط امیدوار کے طور پر اپنی حیثیت ثابت کردی تھی۔

 پاکستان اپنے پول کا پانچواں میچ نیوزی لینڈ کے خلاف 10 مئی کو پاکستانی وقت کے مطابق 1:00 بجے دوپہر کھیلے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان 2011 کے بعد اذلان شاہ کپ کے فائنل میں پہنچا ہے، قومی ہاکی ٹیم نے گزشتہ ایونٹ میں تیسری پوزیشن کا میچ جیت کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔