LIVE

جیکب آباد: گندم کے نرخوں میں کمی اور باردانے کی غیر منصفانہ تقسیم سے کاشتکار پریشان

مکیش روپیتا
May 10, 2024
 

حکومت یوریا اور ڈی اے پی کی قیمتوں میں کمی کرے تاکہ کاشت پر آنے والے اخراجات پورے ہوسکیں: آبادگار/ فائل فوٹو

جیکب آباد میں بھی گندم کے نرخوں میں کمی اور باردانے کی غیر منصفانہ تقسیم سے چھوٹے آبادگار اور کاشتکار رُل گئے۔

سندھ کے ضلع جیکب آباد میں بھی گندم کی کٹائی کے بعد آبادگار عام مارکیٹوں میں گندم 2900 سے 3 ہزار روپے فی من فروخت کرنے پر مجبور ہیں جب کہ حکومت کی جانب سے 4 ہزار روپے نرخ مقرر ہونے پر عمل نہ ہو سکا ہے۔

آبادگار اور کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ محکمہ خوراک کے افسران ہم سے گندم خریدنے کو تیار نہیں، حکومت یوریا اور ڈی اے پی کی قیمتوں میں کمی کرے تاکہ کاشت پر آنے والے اخراجات پورے ہوسکیں۔

چھوٹے آبادگاروں نے کہا کہ سندھ کے کسان گندم کے باردانے کیلئے پریشان ہیں لیکن محکمہ خوراک کا عملہ بااثر اور من پسند زمینداروں کو باردانہ تقسیم کرکے سرکاری ریٹ پر ان سے گندم خرید رہے ہیں۔

چھوٹے آبادگاروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کسانوں کے حق پر ڈاکا زنی کے خاتمے اور باردانہ کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایاجائے۔