LIVE

لاپتا افراد کے بیشتر کیسز میں برسوں سے نتائج صفر ہیں: سندھ ہائیکورٹ برہم

امین انور
May 10, 2024
 

عدالت نے عدم پیشی پر کیس کے تفتیشی افسر کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے/ فائل فوٹو

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے اسٹیل ٹاؤن سے 5 سال سے لاپتا شہری کی عدم بازیابی پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے لاپتا افرادکی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی جس دوران تفتیشی افسر غیر حاضر رہے۔

دوران سماعت جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے ریمارکس میں کہا کہ لاپتا شہریوں کی عدم بازیابی پر عدالت کو بے حد تشویش ہے، اہل خانہ کی داد رسی وقت کی ضرورت ہے۔

عدالت نے کہا کہ کوئی شک نہیں صوبائی ٹاسک فورس اور جے آئی ٹیزکے اجلاس ہورہے ہیں، بیشتر کیسز میں برسوں سے نتائج صفر ہیں، تفتیشی افسران آخر کار کس مرض کی دوا ہیں، سنجیدہ اقدامات کیوں نہیں کرتے؟

بعد ازاں عدالت نے لاپتاافراد کی بازیابی سے متعلق صوبائی، وفاقی حکومت اور دیگر اداروں سے رپورٹس طلب  کرلی۔

عدالت نے عدم پیشی پر کیس کے تفتیشی افسر کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے  درخواستوں کی مزید سماعت 13 اگست تک ملتوی کردی۔