23 فروری ، 2015
اسلام آباد....... وفاقی کابینہ نے پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کی باضابطہ منظوری دے دی ۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہناہےکہ توانائی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کا باعث بننے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی،تمام مجوزہ منصوبے فروری 2017ء تک مکمل ہونے چاہئیں۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبےکی باضابطہ منظوری دے دی گئی۔ کابینہ نےکراچی میں دو سول نیوکلر پلانٹس کے لیےچین سے نرم شرائط پر قرضوں کے حصول سمیت کئی ملکوں کے ساتھ مختلف شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوٕں پر دستخط کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپنے دور حکومت میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ان کی ترجیح ہے،چین سے 3 ہزار میگاواٹ بجلی درآمد کی جائےگی ۔ انہوں نے ایل این جی سے چلنے والے 3600 میگاواٹ کے پاور منصوبوں کو مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔