پاکستان
03 مارچ ، 2015

کل سے پاک بھار ت مذاکرات کا نیا دور

کل سے پاک بھار ت مذاکرات کا نیا دور

اسلام آباد.......کل پاک بھار ت مذاکرات کا نیا دور شروع ہونے جا رہا ہے۔ بھارتی سیکریٹری خارجہ پاکستان آ رہے ہیں۔ 2012ء کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان سیکرٹری سطح پر باضابطہ مذاکرات کی کوشش ہربار ناکام ہوتی رہی ہے۔ پاکستان اور ہندوستان کے درمیاں آخری بار باضابطہ بات چیت 8 ستمبر 2012ء کو اس وقت کی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور بھارتی ہم منصب ایس ایم کرشنا کے درمیان اسلام آباد میں ہوئی۔ اس سے قبل 7ستمبر 2012ء کو دونوں ملکوں کے سیکرٹری خارجہ نے بھی ملاقات کی،2013ء آیا تو لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کے باعث دونوں ملکوں کے درمیان جنوری میں ہونے والے سیکرٹری سطح کے مذاکرات کا سلسلہ منقطع ہو گیا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اب تک پاکستان اور بھارت کی سرد مہری کے باعث بات چیت کا سلسلہ شروع نہ ہو سکا،27 مئی 2014ء کو نواز شریف اور نریندر مودی کی بھارت میں ملاقات کے دو ماہ بعد پاک بھارت خارجہ سیکریٹریز کی ملاقات طے ضرور پائی،لیکن 25 اگست کو اسلام آباد میں ہونے والی یہ ملاقات بھارت نے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کی کشمیری رہنماؤں سے ملاقات کے بعد منسوخ کر دی۔ آخر کار 15فروری 2015ء کو بھارتی وزیر اعظم نے کرکٹ ڈپلومیسی کو استعمال کیا اور وزیراعظم نوازشریف کو ٹیلی فون پر بھارتی سیکرٹری خارجہ کو مذاکرات کیلئے اسلام آباد بھیجنے کا عندیہ دیا۔ پاکستان نے بھارت کے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب امور پر بات چیت کی جائے گی۔

مزید خبریں :