06 ستمبر ، 2015
زیورخ........یوم دفاع پاکستان کے موقع پر سوئٹزرلینڈ کے شہر بیلاخ کی مسجد میں تارکین وطن پاکستانیوں کی جانب سے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستانی کمیونٹی نے اپنے خاندانو ں کے ہمراہ کثیر تعداد میں شرکت کی ۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔اس موقع پر سوئس پارلیمنٹ کے مقامی (سوس شہر) پاکستانی نژاد رکن محمد شبیر چیمہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سمندر پار ملکوں میں رہنے والے پاکستانیوں کے دل اپنے ہم وطنوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ہم چھ ستمبر کے شہدااور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔پاکستان سے ہی تعلق رکھنے والے مقامی سماجی رہنما اسد خان نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے،لیکن اگر دشمن نے پھر ناپاک عزائم رکھے تو اسے 1965کو یاد رکھنا چاہیے۔ آخر میں پاکستانیوں نے واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی پروقار تقریب دیکھی ۔