17 اکتوبر ، 2015
لاہور......وزیراعظم محمدنوازشریف نےپنجاب حکومت کو ہدایت کی ہےکہ شہری اور دیہی علاقوں میں ترقی پر یکساں توجہ دی جائے، پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانےاور انفرا اسٹرکچر کی بہتری کے علاوہ چھوٹے اور طویل المدت منصوبوں پر ایک ساتھ کام کیا جائے ۔
وزیراعظم محمد نواز شریف نےلاہورمیں اپنی رہائش گاہ جاتی عمرہ رائے ونڈ میں اجلاس کی صدارت کی،وزیراعلیٰ شہباز شریف ،وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق ،وفاقی وزیرمنصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال،صوبائی وزیرِقانون راناثنا اللہ اورحمزہ شہبازسمیت دیگرشریک ہوئے، اجلاس میں وزیر اعظم کو بلدیاتی انتخابات،محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات،چھوٹے بڑے ترقیاتی منصوبوں اور دیگر امور پربریفنگ دی گئی۔
این اے 122 میں مسلم لیگ کی کارکردگی بھی زیر بحث آئی،وزیراعظم نے ترقیاتی کاموں کی پیش رفت پر اطمینان کااظہارکیااورہدایت کی کہ شہری اور دیہی علاقوں میں ترقی پریکساں توجہ دی جائے۔