23 مئی ، 2012
کراچی… کراچی کے بیشتر علاقوں میں صورتحال معمول پر ہے تاہم اولڈ سٹی ایریاز میں گذشتہ روز سے صورتحال کشیدہ ہے، پولیس،رینجرز اور ایف سی کی نفری کے اضافے کے بعد متاثرہ علاقوں میں بھی صورتحال میں بہتری آرہی ہے،نامعلوم افراد نے لی مارکیٹ کے قریب مسافر بس اور ٹائروں کو بھی آگ لگادی۔ اولڈ سٹی ایریا کے علاقے کھارادر،میٹھادر،لی مارکیٹ،لیاری،کھجور بازار،نیپئر روڈ اور اس سے متصل علاقوں میں نامعلوم ملزمان نے ہوائی فائرنگ کی،جس کے باعث علاقے میں صورتحال کشیدہ ہے، لی مارکیٹ کے قریب علی الصبح نامعلوم افراد نے مسافر بس کوآگ لگادی،جبکہ لی مارکیٹ سے لیاری آٹھ چوک جانے والی شاہراہ پر ٹائروں کو بھی آگ لگائی گئی،متاثرہ علاقوں میں دکانیں بھی بند ہیں،جبکہ پولیس،رینجرز اور ایف سی کے اضافی اہلکار تعینات ہیں،شہر کے دیگر علاقوں میں گلشن حدید،سچل گوٹھ،صفورا گوٹھ،ملیر کے بعض علاقوں میں بھی کشیدگی پائی جاتی ہے،جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں صورتحال معمول کے مطابق ہے،رکشہ ،ٹیکسی،مسافر بسز بھی سٹرکوں پر رواں دواں ہیں،جبکہ دکانیں،چائے کے ہوٹلز،پیٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز بھی کھلے ہوئے ہیں،کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کی جانب سے بھی بتایا گیا ہے کہ جن علاقوں میں صورتحال کشیدہ ہے،صرف وہیں ٹرانسپورٹ بند ہے،جبکہ دیگر علاقوں میں ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق چل رہی ہے۔