23 مئی ، 2012
کراچی… ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سندھ اور پبجاب سمیت دیگر شہروں میں مزیدگرمی بڑھنے کا امکان ہے۔گلگت بلتستان کے ضلع غذر اور استور میں بارش اور برف باری کا سلسلہ رک گیا ہے۔ سندھ اور پنجاب سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم ہے،لاڑکانہ،شکار پور ،جیکب آباد ، حیدرآباد ، میرپورخاص اور سکھر سمیت دیگر شہروں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے اور لوگ گھرو ں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔ موسم گرما میں مشروب اور برف کا استعمال بھی بڑ ھ گیا۔ مضر صحت مشروبات اور دیگر چیزوں کے استعمال سے ملتان اور دیر بالا میں پیٹ کے امراض میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ جنوبی پنجاب کے شہروں بہاول پور، بہاول نگر ،ڈیرہ غازی خان سمیت بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھی سورج بڑی آب و تاب کے ساتھ گرمی برسا رہا ہے۔جعفرآباد و نصیرآباد میں گرم ہوائیں چل رہیں ہیں۔ گلگت بلتستان کے ضلع غذر، استور اور دیامر میں کئی روز سے جاری بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ تھم گیا ہے۔ تاہم موسم ابر آلود ہے۔ بٹگرام اور پشام سمیت ہزارہ اور مالا کنڈ ڈویژن کے دیگر علاقوں میں رات میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔