انٹرٹینمنٹ
21 جون ، 2016

قندیل بلوچ پر جادو تھا یا قندیل بلوچ کا جادو تھا؟

قندیل بلوچ پر جادو تھا یا قندیل بلوچ کا جادو تھا؟

 


ماڈل اور مفتی کی ملاقات اور سیلفیوں کی دھوم مچنے کے بعد یہ سوال پیدا ہوگیا ہے کہ قندیل بلوچ پر جادو تھا یا قندیل بلوچ کا جادو؟قندیل بلوچ کو مفتی عبدالقوی نے بلایا، یا ماڈل گرل نے خود ہی یہ قدم اٹھایا، اب تک بھید کھل نہ سکا۔


جیو نیوز نے مفتی صاحب سے پوچھا تو انہوں نے قندیل بلوچ پر ہی بات ڈالی،کہ ماڈل نے عمران خان سے ملنے کیلئے اصرار کیا تھا، لیکن ماڈل موصوفہ نے کچھ اور ہی کہانی سنائی ۔


بلاوے کی طرح ملاقات میں ہوئی باتیں بھی معمہ بن گئیں، مفتی صاحب کہتے ہیں کہ قندیل جادو کا توڑ کرانے آئیں، قندیل کہتی ہیں اُن پر تو کوئی جادو ہے ہی نہیں۔


مفتی صاحب نے یہ شکوہ بھی کردیا کہ وہ کسی سے موبائل پر بات کر رہے تھے کہ ماڈل گرل نے ان کی ٹوپی پہن لی۔

قندیل نے دعویٰ کیا ہے کہ ملاقات مفتی عبدالقوی کی خواہش پر ہوئی، قندیل بلوچ اور مفتی عبدالقوی کا یہ مؤقف تو ملاقات کے بعد سامنے آیا۔


مگراس سے پہلے ملاقات کے دوران قندیل بلوچ نے کہا کہ وہ تو مفتی صاحب کی خواہش پر ملاقات کے لیے آئی ہیں، جس پر اس وقت مفتی صاحب نے کوئی اختلاف نہیں کیا تھا۔


ملاقات کیلئے ہوٹل کے کمرے میں پہنچی قندیل بلوچ کی تیاریاں مفتی عبدالقوی کی توقعات سے کہیں زیادہ تھیں، جنہوں نے موبائل پر ویڈیو بناتے ہوئے ٹی وی اینکر کی طرح اپنے ملاقاتی کا تعارف کرایا۔


پھرقندیل بلوچ بے تکلفی سے صوفے کے ہتھے پر جا بیٹھیں، یہ بھی کہا کہ رویت ہلال کمیٹی کے رکن طویل عرصے سے ملاقات کے خواہاں تھے، بلکہ رمضان کے چاند سے پہلے انہیں دیکھنے کے خواہشمند تھے۔


قندیل بلوچ نے کئی بار بے تکلفی سے عبدالقوی کی پیٹھ تھپتھپائی اور تعریفوں کے پل بھی باندھے، بات تو مفتی عبدالقوی نے بہت بنانے کی کوشش کی اور کہا کہ یہ ساری الفتیں تو قندیل کے ان کی طرح ملتانی ہونے کی وجہ سے ہیں۔


مگر اس کے باوجود انہوں نے قندیل کی موبائل ریکارڈنگ پر پریشانی ظاہر کی، جس پر ماڈل گرل نے تسلی بھی کرائی،ایک کے بعد ایک قندیل اور مفتی عبدلقوی کی ملاقات کی ویڈیو رکنے کا نام نہیں لے رہی، ایک اور ویڈیو میں دونوں نے ہاتھ بھی ملائے۔

مزید خبریں :