10 اکتوبر ، 2016
سندھ ہائیکورٹ نے دہشتگردوں کو علاج کی سہولیات فراہم کرنے سے متعلق کیس میں سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم و دیگر ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
ڈاکٹر عاصم حسین ،انیس قائم خانی ، رؤف صدیقی اور قادر پٹیل کی ضمانت کی درخواستوں کی سماعت سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی۔
دوران سماعت جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیے کہ یہ بینچ 2 دن کیلئے ہے ،لہذا دوسرے بینچ کو کیس سننے دیں، جس پر انیس قائم خانی کے وکیل نے کہا کہ بار بار بینچ ٹوٹ جاتا ہے ، ٹرائل سے پہلے ہی سزا مل رہی ہے۔انیس قائم خانی سیاسی جماعت کے اہم رہنما ہیں، ان کی ضمانت نہ ہونے سے پارٹی کا کام متاثر ہورہا ہے۔
جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیے کہ ہم چاہتے ہیں کہ وہ باہر آجائیں ، خوشی ہوگی لیکن مجبوری ہے، درخواست ضمانت دوسرا بینچ سنے گا۔عدالت نے مزید کارروائی کے لیے سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی کردی۔