کھیل
11 اکتوبر ، 2016

میانداد، آفریدی میں لفظی جنگ، معاملہ حل نہ ہوسکا

میانداد، آفریدی میں لفظی جنگ، معاملہ حل نہ ہوسکا

 

جاوید میانداد نے شاہد آفریدی کو معاف کر دیا اور بوم بوم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ سینئرز کی عزت کریں، ساتھ ہی ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کردیا۔ آفریدی کا کہنا ہے کہ معاف کرنے پر جاوید بھائی کا شکریہ لیکن جو الزامات لگائے وہ واپس لینا ہونگے۔

سابق کپتان جاوید میانداد اور شاہد آفریدی کے درمیان بوم بوم کے فیئر ویل میچ کو لیکر ایک دوسرے پر سخت الزامات شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میانداد کو ہمیشہ پیسوں کا مسئلہ رہا ہے جبکہ میانداد نے بھی بھرپور جواب دیتے ہوئے آفریدی پر میچ فکسنگ کا الزام عائد کردیا تھا۔

معاملہ گرم ہوا، بات بڑھی اور پھر عدالت تک پہنچنے کی نوبت آگئی،آفریدی نے جاوید میانداد کو لیگل نوٹس بھیجنے کا عندیہ د یا تو سابق کرکٹرز بھی صلح صفائی کرانے میں لگ گئے۔ جاوید میانداد نے آفریدی کو معاف کردیا اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

لیکن بوم بوم گرائونڈ میں ہی نہیں گرائونڈ سے باہر بھی چھکے لگا رہے ہیں، کہتے ہیں کہ معاف کرنے پر جاوید بھائی کا شکریہ لیکن جو الزامات لگائے وہ واپس لینے ہونگے۔ میانداد نے بھی کہہ دیا کہ الزام ان پر بھی لگا، وہ بھی ثابت کرنا پڑ جائےگا۔ شاہد آفریدی جمعرات کو عدالتی نوٹس بھیجنے کے مو قف پر قائم ہیں لیکن جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ ان کی طرف سے معاملہ ختم ہوگیا۔

سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ جاوید میانداد ان کے استاد اور آفریدی شاگرد ہیں، دونوں قابل احترام ہیں، تنازع جلد ختم کریں۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ وہ کراچی آکر جاوید میانداد اور شاہد آفریدی کی لڑائی ختم کرائیں گے ، شاہد آفریدی معاملہ کو عدالت لے گئے تو پنڈورا بکس کھل جائے گا اور کئی کے نام سامنے آجائیں گے۔

سابق کپتان محمد یوسف کا کہنا ہے کہ جاوید بھائی نے الزامات لگائے تو اسے ثابت بھی کرنا ہوگا، میچ فکسنگ کا الزام ایسا نہیں کہ جب چاہا لگادیا۔سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت نے کہا کہ ایک بار پنڈورا بکس کھول کر معاملے کو ہمیشہ کے لئے ختم ہونا چاہیے، میانداد اپنے الفاظ واپس لے لیں تب بھی تحقیقات تو بنتی ہیں، آفریدی کو عدالت جاکر خود کو کلیئر کرنا چاہیے۔

مزید خبریں :