پاکستان
11 اکتوبر ، 2016

کسی بھی صورتحال میں پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں،چین

کسی بھی صورتحال میں پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں،چین

 

چین کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی صورتحال میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے،سی پیک منصوبہ ہر حال میں مکمل کیا جائے گا، خطے میں کشیدگی بھارت کے لیے بھی بہتر نہیں ،پاک بھارت تعلقات میں بہتری کیلئے چین مصالحتی کردار ادا کرنے کو تیار ہے ۔

دارالحکومت بیجنگ میں چینی وزارت خارجہ کے چین ایشیا تعلقات ڈیسک کے قونصلر یووان نے پاکستانی صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیائی خطے میں طاقت کا عدم توازن ہے ،سی پیک منصوبوں کا مقصد اس میں بہتری لانا بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین، افغانستان اور طالبان کی طرح پاک بھارت تعلقات میں بھی بہتری لانے کیلئے مصالحتی کردارادا کرنے کو تیار ہے، چینی حکومت کی کوشش ہو گی کہ پاک بھارت کشیدگی میں کمی ہو۔

یووان کا کہنا تھا کہ چین سی پیک منصوبے کو مکمل کرنےکے لیے پرعزم ہے ، سی پیک پر بہت تیزی سے کام ہورہا ہے، اب تک 17 ارب ڈالر کے کام شروع ہوچکے ہیں۔

چینی قونصلر کا کہنا تھا کہ چین ہر صورتحال میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستان نے مذاکرات کی بات کرکے اچھا عمل کیا،کشمیر سمیت تمام معاملات مذاکرات سے حل ہوسکتے ہیں،کشیدگی بھارت کے حق میں بھی بہتر نہیں، امید ہے بھارت کشیدگی کو مزید نہیں بڑھائے گا۔

بریفنگ میں موجود سینئر پاکستانی صحافیوں نے پاک چین تعلقات پر چینی حکام کی بریفنگ کو سراہا اور کہا کہ حکومت چین کی کوششوں سے خطے کے ممالک کو ایک دوسرے کو سمجھنے میں آسانیاں پیدا ہوں گی۔بریفنگ کے اختتام پر چینی قونصلر نے پاکستانی میڈیا بالخصوص جیو ٹی وی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان میں جیو ٹی وی اپنا کردار اچھے طریقے سے ادا کررہاہے۔

مزید خبریں :