11 اکتوبر ، 2016
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار کہتے ہیں کہ 22 اگست کوبانی ایم کیو ایم نے کلہاڑی پر پیر مارا، وہ اس ایم کیو ایم میں نہیں ہوں گے جس میں اسٹیبلشمنٹ بانی ایم کیو ایم کو کبھی واپس لائے، عظیم احمد طارق اور ڈاکٹرعمران فاروق کے قاتلوں کا پتا چلنا چاہیے۔
ایک انٹرویو میں فاروق ستار کا کہنا تھا کہ عظیم احمد طارق اور عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات میں تعاون کے لیے تیار ہیں، عظیم احمد طارق کے قتل کی سازش کیا تھی، قاتل کون تھے، ان سب سوالوں کا جواب ملنا چاہیے، عمران فاروق قتل سے متعلق ہمارے ذہن میں بھی سوالات ہیں جن کے جواب نہیں ملے۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ انہیں خطرہ ایک جگہ سےنہیں ہے، وزیراعظم،آرمی چیف، کورکمانڈر اور ڈی جی رینجرز کو اپنی سیکورٹی کے لیے خط لکھا ہے، چوہدری نثارکوملاقات میں اپنی سیکورٹی سے متعلق براہ راست خط دیا، چوہدری نثارنے رینجرزکی سیکورٹی دینے پر کام کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔