دنیا
11 اکتوبر ، 2016

دہشتگردی انسانیت کی دشمن ہے، بھارتی وزیراعظم

دہشتگردی انسانیت کی دشمن ہے، بھارتی وزیراعظم

 

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مبینہ سرجیکل اسٹرائیک کے دعوے کےبعد لکھنؤ میں پہلا عوامی خطاب کیا لیکن اپنے خطاب میں مبینہ سرجیکل اسٹرائیک کا ذکرگول کرگئے، مقبوضہ کشمیر میں پام پورہ میں ہونے والے حملے پر بھی چپ سادھ لی، یہ ضرور کہا کہ دہشتگردی انسانیت کی دشمن ہے، دنیا کے تمام ملکوں کو دہشتگردی کے خلاف مل کر لڑنا ہوگا۔

بھارتی حکومت اور میڈیا کی جانب سے نام نہاد سرجیکل اسٹرائیک کے دعووں کے بعد پہلی باربھارتی وزیراعظم لکھنؤ میں بھاشن دینے پہنچے، اپوزیشن جماعتوں کو توقع تھی کہ ٹھوس شواہد کے مطالبوں پر مودی جی کچھ تو لب کشائی کریں گے لیکن حیرت انگیز طور پر وہ مبینہ سرجیکل اسٹرائیک کا ذکر ہی گول کرگئے، نہ سرجیکل اسٹرائیک کے ڈرامے اور نہ ہی ثبوتوں کے نام پر زبان سے کچھ نکلا،ہاں یہ ضرور کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پوری دنیا کو متحد ہوکر کام کرنا پڑے گا،انہیں بھی نہیں بخشا جاسکتا جو دہشتگردوں کو حمایت اور پناہ دیتے ہیں ۔

انسانیت کی پامالی کی بات کرتے ہوئے مودی جی یہ بھول گئے کہ مقبوضہ کشمیر میں ان کی قابض فوج کس طرح انسانیت کا گلا گھونٹ رہی ہے،جس نے چند روز پہلے نہ صرف بارہ برس کے جنید کو شہید کردیا بلکہ اس کے جنازے پر بھی آنسو گیس کے شیل برسا کر دنیا کو ایک بار پھر اپنی بربریت دکھائی،گزشتہ تین ماہ سے پوری مقبوضہ وادی کو ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے مودی نہ جانے کس منہ سے انسانیت کی بات کررہے ہیں۔

مزید خبریں :