شہر شہر
17 فروری ، 2017

کراچی: رینجرز اور پولیس سے مقابلوں میں 27 دہشتگرد ہلاک

کراچی: رینجرز اور پولیس سے مقابلوں میں 27 دہشتگرد ہلاک

 

خود کش حملوں اور بم دھماکوں کے بعد ملک بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے، کراچی میں رینجرز اور پولیس سے مقابلوں میں 27 دہشت گرد مارے گئے، ان میں کالعدم جماعت الاحرار کراچی کا امیر نوشاد خان اور کالعدم لشکرجھنگوی کراچی کاامیرملک تصدق بھی شامل ہیں ۔

افغانستان سے آنے والی دہشت گردی کی نئی اور خون آشام لہر سے نمٹنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح فعال ہوگئے، دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیلنے والے دہشت گردوں کیخلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے، دہشت گردوں کی سرکوبی میں کراچی سرفہرست رہا، پہلی چھڑپ جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب ہوئی۔

رینجرز کے 20 اہلکاروں کا قافلہ سہون شریف میں امدادی کارروائیوں کے بعد کراچی واپس آرہا تھا کہ کاٹھورکے مقام پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا، ترجمان رینجرز کے مطابق35 منٹ جاری رہنے والے مقابلے میں 7 دہشتگرد مارے گئے جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوا۔

دوسری کارروائی منگھوپیر میں کی گئی جہاں مقابلے کے بعد 11 دہشتگرد انجام کو پہنچے۔تیسری کارروائی میں پولیس نے سپر ہائی وے کے علاقے میں ٹی ٹی پی کراچی کے امیر کے سسر کے گھر چھاپہ مارا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 9 دہشت گرد مارے گئے۔ایس ایس پی راؤ انوار کے مطابق ہلاک دہشت گرد رینجرز ہیڈ کوارٹر پر حملہ کرنا چاہتے تھے۔

ترجمان رینجرز کے مطابق کاٹھور اور منگھوپیر میں مارے گئے 18 دہشتگردوں میں سے 8 کی شناخت ہوگئی ہے، ان میں جماعت الاحرار کراچی کا امیرنوشاد خان عرف لالہ یونس عرف شمس ماما اور لشکرجھنگوی کراچی کا امیرملک تصدق شامل ہیں، ملک تصدق، آصف چھوٹو اور نعیم بخاری کاقریبی ساتھی تھا، ہلاک دہشت گرد شیراز احمد کا تعلق کالعدم داعش اورلشکر جھنگوی سے تھا اور وہ آئی ای ڈیزبنانےاوربارودی سرنگیں لگانےکاماہرتھا۔

ملک کے دیگر حصوں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اورکزئی ایجنسی میں سیکورٹی اہلکاروں سے جھڑپ میں ٹی ٹی پی کے 6دہشت گرد مارے گئے ، بنوں میں دہشت گردوں کےخفیہ ٹھکانے کی اطلاع پر کارروائی کی گئی اور فائرنگ کے تبادلہ میں 4دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

سرگودھا میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کے ساتھ مقابلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے جن کے قبضے سے 4کلو دھماکہ خیزمواد ،پریشر ککر اور جدید رائفل برآمد ہوئی۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس وین پر فائرنگ کرنے والے 2 جبکہ ہنگواور دیر بالا میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں 4دہشت گرد مارے گئے، کوئٹہ کے علاقے سریاب میں درخشاں اسکیم کے قریب ایف سی کی کارروائی میں 2دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ 2ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

مزید خبریں :