پاکستان
08 مارچ ، 2017

بھارتی میڈیا نے حافظ سعید کے بیٹے سے متعلق جھوٹی خبر چلا دی

بھارتی میڈیا کی پاکستان کو بدنام کرنے کی ایک اور بھونڈی کوشش ناکام ہو گئی۔

بھارت کے ممتاز ٹی وی چینل خبر کی تصدیق کیے بغیر بریک کرتے رہے، حافظ سعید کے بیٹے سے متعلق جھوٹی خبر چلائی، چھ مہینے پرانی ویڈیو کو تازہ ویڈیو قرار دے کر پاکستان پر بے بنیاد الزامات کی بھرمار کردی ۔

نفرت اور تعصب کی پٹی آنکھوں پر بندھی ہو تو سورج کی طرح ظاہر حقیت بھی نظر نہیں آتی،پاکستان کو بدنام کرنے کی بھارتی میڈیا کی ایک اور بھونڈی کوشش کا پردہ چاک ہوگیا اور سچائی کی روشنی نے بھارتی میڈیا کا سیاہ چہرہ بے نقاب کر دیا۔

بھارتی میڈیا نے الزام لگایا ہے کہ حافظ سعید کے بیٹے طلحہ سعید نے 5 فروری 2017ءکو ایک جلسے میں کشمیری عوام کو اکسایا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق طلحہٰ سعید نے کہا کہ کشمیری عوام داؤد ابراہیم اور برہان وانی کی طرح بھارت کے خلاف جہاد کریں۔

بھارتی میڈیا نے زہریلا پروپیگنڈا کیا کہ یہ ویڈیو پاکستان میں ہونے والے جلسے کی ہے، تعصب کی آگ میں اندھا ہونے والا بھارتی میڈیا اگر تحقیق کی زحمت کرتا تو اسے معلوم ہوجاتا کہ یہ ویڈیو پاکستان کی نہیں بلکہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے کلگام کی ہے۔

صحافت کی اخلاقیات سے عاری بھارتی میڈیا کو یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ یہ ویڈیو 5 فروری 2017ء کی نہیں بلکہ یکم ستمبر 2016ء کی ہے جو یو ٹیوب پر 16 ستمبر 2016ء کو اپ لوڈ کی گئی۔

اسی طرح نعرے لگانے والا شخص بھی طلحہ سعید نہیں تھا مگر ریٹنگ کی دوڑ میں اپنی ساکھ کھونے والے بھارتی میڈیا کو یہ سامنے کی چیزیں نظر نہیں آئیں اور سنی سنائی بات پر گلا پھاڑ پھاڑ کر پاکستان کے خلاف چلانا شروع کر دیا۔

مزید خبریں :