خصوصی رپورٹس
17 مارچ ، 2017

بھارتی فوجی ’گولی‘ سے نہیں ’جلیبی ‘ کے ہاتھوں ’جان ہار‘ رہے ہیں

بھارتی فوجی ’گولی‘ سے نہیں ’جلیبی ‘ کے ہاتھوں ’جان ہار‘ رہے ہیں

رفیق مانگٹ..... بھارتی گانا ’جلیبی بائی۔۔‘ آپ نے سنا ہو یا نا سنا ہو اتنا ضرور سن لیں کہ بھارتی فورسز کے اہلکار گولیوں سے نہیں’جلیبیوں کے ہاتھوں ’جان ہار‘ رہے ہیں، گولیوں سے زیادہ سموسے انہیں ہلاک کررہے ہیں ۔ حد تو یہ ہے کہ اب انہیں باقاعدہ جلیبی اور سموسے نہ کھانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

برطانوی اخبار’ڈیلی میل‘ کے مطابق فورسز میں موٹاپے کی صورتحال نے حکام کو تشویش میں مبتلا کردیا ہےاور اس موٹاپے کی وجہ’ جلیبی‘ اور’ سموسے‘ ہیں جو بھارتی سماج میں ہی نہیں فورسز میں بھی بہت زیادہ ذوق و شوق سے کھائے جاتے ہیں ۔

نیم فوجی اور مرکزی مسلح پولیس فورس کے اہلکاروں کے درمیان موت کی بڑی وجہ جنگ نہیں بلکہ خرابی صحت ہے۔بھارتی وزارت داخلہ کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ سات فورسز جن میں سی آر پی ایف، بی ایس ایف، آئی ٹی بی پی، ایس ایس بی، سی آئی ایس ایف، این ایس جی اور آسام رائفلز شامل ہیں، ان کے ایک ہزار67اہلکار گزشتہ تین برسوں میں مختلف آپریشن یا دہشت گردی کی کارروائیوں میں مارے گئے جبکہ اس کے مقابلے میں بیماریوں سے مرنے والوں کی تعداد تین گنا زیادہ ہے۔

تین برس میں3611اہلکار خرابی صحت سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ چھتیس گڑھ میں63،مقبوضہ جموں وکشمیر میں170،پنجاب میں122،راجستھان میں134،اتراکھنڈ میں147،اتر پردیش میں141اور مغربی بنگال میں265اہلکار بیماریوں سے ہلاک ہوئے۔

سابق بی ایس ایف کے سربراہ ڈی کے پاٹھک کا کہنا ہے کہ فورسز کے میڈیکل ڈائریکٹوریٹ نے اس صورت حال پراپنے جائزے میں تشویش کا اظہارکیا ہے۔ جائزے میں بتایا گیا کہ فورسز میں ہلاکت کی بڑی وجہ امراض قلب اور دوسری خودکشی ہے۔ہر دو ماہ بعد تین فوجی ہارٹ اٹیک سے مرجاتے ہیں۔

ہائی بلڈ پریشر، ہارٹ اٹیک اور ذیابیطس کی بڑی وجہ بھاری غذا، ہائی کولیسٹرول اور ناقص طرز زندگی ہے جو فوجیوں کی ہلاکت کا سبب بن رہا ہے۔

فورسز میں ہلاکت کا سبب بننے والی دیگر بیماریوں میں کینسر ،ڈینگی، ہیپاٹائٹس بی اور ملیریا شامل ہے۔

فوجیوں کو ان کی کمر کا سائز کم کرنے کے ساتھ سموسوں اور جلیبی کی جگہ پھل اور سلاد کھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پنجاب اورہریانہ میں دودھ اور اس سے بنی غذاؤں سے فورسز کو دل کے امراض کا زیادہ سامنا ہے ۔

مقبوضہ جموں کشمیر،چھتیس گڑھ،مغربی بنگال اور تریپورہ میں ذہنی تناؤسی آر پی ایف اور بی ایس ایف اہلکاروں کے لئے قبرستان ثابت ہو رہا ہے۔

مزید خبریں :