صحت و سائنس
18 اپریل ، 2017

نگلیریا جراثیم سے تحفظ، پانی کے نمونے ٹیسٹ کرنے کی ہدایت

نگلیریا جراثیم سے تحفظ، پانی کے نمونے ٹیسٹ کرنے کی ہدایت

صوبائی وزیر بلدیات و چیئرمین واٹربورڈ جام خان شورو نے ایم ڈی واٹربورڈ ہاشم رضا زیدی کو ہدایت کی ہے کہ موسم گرما کے دوران پانی میں نیگلریا کے جراثم کے خدشات کے خاتمہ کیلئے پیشگی اقدامات کیے جائیں ۔

ایم ڈی واٹربورڈ نے واٹربورڈ حکام کا ایک اہم اجلاس طلب کیا ،اجلاس کے دوران ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا کہ شہریوں کو فراہم کئے جانے والے پانی میں کلورین کی مطلوبہ مقدار کی موجودگی ہر صورت ممکن بنائی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں سے پانی کی مختلف نمونے حاصل کرکے واٹربورڈ کی لیباریٹری میں ان کا تجزیہ کیا جائے۔اگر کسی علاقے میں فراہم کردہ پانی میں کلورین کی مطلوبہ مقدار موجود نہ ہو وہاں فوری طور پر کلورین ملے پانی کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔

ایم ڈی واٹربورڈ نے چیف کیمسٹ کو ہدایت کی کہ وہ سیمپلنگ کے عمل کو آسان و سہل بنائیں ۔ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل سروسز کو ہدایت کی کہ جن علاقوں میں فراہم کردہ پانی میں کلورین کی مقدار کم پائی جائے ان کے بوسٹنگ اسٹیشنوںمیں ہائپو کلورین کے اضافی سلینڈرز لگا کر کلورین کی کمی کو پورا کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو مختلف فلٹر پلانٹس سے فراہم کئے جانے والے پانی میں کلورینیشن کے عمل کا معائنہ کرنے کے لئے وہ واٹربورڈ کے مختلف پمپنگ اسٹیشنوں ،فلٹر پلانٹس ودیگر تنصیبات کا اچانک معائنہ کریں گے۔

مزید خبریں :