دلچسپ و عجیب
18 اپریل ، 2017

شدید گرمی میں لوڈ شیڈنگ ،سوشل میڈیا کا ٹاپ ٹرینڈ

شدید گرمی میں لوڈ شیڈنگ ،سوشل میڈیا کا ٹاپ ٹرینڈ

شدید گرمی میں لوڈ شیڈنگ نے عوام کا بر ا حال کر رکھا ہے اور لوگ اپنی بھڑاس سوشل میڈیا پر نکال رہے ہیں، بھانت بھانت کے تبصرے سامنے آرہے ہیں جس کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کا موضوع ہی سوشل میڈیا کا ٹاپ ٹرینڈ بنا ہوا ہے۔

گرمی اور لوڈ شیڈنگ سے بھنائے شہریوں نے اپنے تبصروں اور تصویروں سے سوشل میڈیا کو زعفران زار بنا یا ہوا ہے، کوئی پنکھے کے سامنے ہاتھ جوڑے بیٹھا ہے تو کہیں مسلسل بند پنکھے پر پرندے کے گھونسلے نظر آرہے ہیں۔

کسی اسکول میں تو بچوں کو لوڈ شیڈنگ کا حل بھی مل گیا ہے،کہیں لوڈ شیڈنگ کی واپسی کی مبارکبادوں کا طنز ہے مگر اس دعا کے ساتھ کہ حکمرانوں کو بھی اس کا مزہ ملنا چاہیے۔

شاعرانہ طبیعت کے لوگوں نے تصرف سے کام لیا اور غالب سے معذرت کے ساتھ کہا کہ ’ پہلے آتی تھی کبھی کبھی بجلی، اب کسی وقت بھی نہیں آتی ‘۔

کسی نے میرتقی میر کے شعر پر ہاتھ صاف کرتے ہوئے کہا کہ ’ ابتدائے لوڈ شیڈنگ ہے، روتا ہے کیا، آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا ‘۔

کسی نے کا 2017ءمیں اضافی بجلی ہونے کا حکومتی دعویٰ یا ددلانے کے لیے مریم نواز کا سال پرانا ٹویٹ آگے بڑھا دیا، ایسے میں وزیراعلیٰ پنجاب کا 6ماہ میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا دعوی کیسے بھولا جاسکتا ہے ۔

اندھیروں میں ڈوبے پاکستان کا سیٹلائٹ امیج اور لوڈ شیڈنگ کی گھڑی بھی خوب گردش میں ہے۔

مزید خبریں :