پاکستان
20 اپریل ، 2017

پاناما کیس پر سپریم کورٹ کے فیصلے سے دونوں فریق خوش

پاناما کیس پر سپریم کورٹ کے فیصلے سے دونوں فریق خوش

پاناما کیس پر سپریم کورٹ کے فیصلے سے دونوں فریق خوش نظر آئے، حکومتی کیمپ میں جشن کا سماں نظر آیا تو مخالفین نے بھی خوب مٹھائیاں تقسیم کیں۔

وزیراعظم نواز شریف نے سپریم کورٹ لارجر بینچ کا فیصلہ وزیراعظم ہاؤس میں سنا، فیصلے کے بعد انہوں نے اپنے ساتھیوں سے مبارک باد وصول کی۔

اس حوالے سے جاری ہونے والی ایک تصویر میں ان کے بھائی شہباز شریف ان سے گلے ملتے نظر آ رہے ہیں،دوسری میں دونوں مریم نواز کے ساتھ کھڑے مسرور اور مطمئن نظر آ رہے ہیں۔

ایک تصویر میں وزیراعظم کے ساتھ عرفان صدیقی، پرویز رشید، چوہدری نثار، شہباز شریف اور گورنر سندھ محمد زبیر نظر آ رہے ہیں،یہ سب بھی مسرور نظر آتے ہیں۔

ایک اور تصویر میں وزیراعظم اور شہباز شریف کے ساتھ حنیف عباسی نظر آ رہے ہیں، ان تمام تصاویر میں وزیراعظم مطمئن نظر آ رہے ہیں۔

عمران خان اور ان کے ساتھیوں نے بھی فیصلے کی خوشی منائی، اس خوشی میں انھوں نے گلاب جامن بھی کھائے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے منظر عام پر آئی تصاویر میں سے ایک تصویر میں عمران خان کے ساتھ شفقت محمود، فیصل جاوید اور مراد سعید ہیں۔

دوسری تصویر میں عمران خان کے ساتھ شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین اور شفقت محمود نظر آ رہے ہیں، اس تصویر میں تحریک انصاف کے رہ نما بہت خوش نظر آ رہے ہیں۔

یوں عدالتی فیصلے پر دونوں فریق خوش نظر آئے، دونوں میں سے کس کی خوشی حقیقی ہے، یہ دیکھنے کے لیے مزید انتظار کرنا ہو گا۔

مزید خبریں :