بلاگ
17 مئی ، 2017

رام گوپال ورما کی پھٹیچر فلم

رام گوپال ورما کی پھٹیچر فلم

آج سے بارہ سال قبل رام گوپال ورما کی فلم سرکار نے بالی وڈ میں دھوم مچا دی تھی۔ ہالی وڈ کی مشہور فلم 'دی گاڈفادر' سے متاثر اس فلم نے نہ صرف دیکھنے والوں کا، بلکہ بےرحم ناقدین کا دل بھی جیت لیا تھا۔ رام گوپال ورما کے پاس کئی سال تھے جس میں وہ اس کہانی کو ایک منطقی انجام تک پہنچاتے لیکن فلم کے دوسرے پارٹ میں ہی نظر آنے لگا کہ سبھاش نگرے کی کہانی میں جان نہیں رہی۔ اور اب تیسرے حصے کو دیکھ کر یقین ہو گیا ہے کہ نہ صرف سبھاش نگرے، بلکہ خود رام گوپال ورما کا بھی ڈراپ سین ہورہا ہے۔

بظاہر یہ نظر آتا ہے کہ فلم بھروسے، یقین، اقتدار اور ایک پرانی ٹیم میں بغاوت کی کہانی پر مبنی ہے۔ لیکن اس سے کہیں زیادہ دلچسپ وہ ڈرامہ  ہےجس میں ایک نامی گرامی، منفرد اور قابل ہدایتکار تیزی سے اپنی ساکھ کھو رہا ہے۔

فلم ابتدا سے ہی ایک کمزور اسکرین پلے کے ساتھ چلتی نظر آتی ہے جس میں سرکار (امیتابھ بچن) کے گھر پر ایک  عام سا بزنس مین آتا ہے اور سرکار کو دھمکی دے کر چلا جاتا ہے۔ ساتھ ہی سرکار کے دوانتہائی وفادار کرداروں کے سرکار کے پوتے امت کی اس گینگ میں شمولیت کے بعد ٹیم میں پھوٹ پڑتی نظر آتی ہے اورپرانے سا تھی ایک دوسرے کے دشمن بن جاتے ہیں۔

جیکی شروف ایک بزنس مین ہیں جو ہے تو سنجیدہ کردار، لیکن جیکی کی اداکاری دیکھ کر محسوس ہوتاہے جیسے وہ کوئی مزاحیہ کردار کرنا چاہ رہے ہیں۔ جیکی شروف کی گرل فرینڈ کا کردار 'ڈارلنگ'، شاید بالی وڈ کی تاریخ کے کمزور ترین کرداروں میں سے ایک ہے۔ ڈارلنگ کو دیکھنا یا سننا واقعی ہی اعصاب کا امتحان ہے۔  

فلم میں منوج باجپائی بھی ہیں، اور جب بھی ان کا اور امیتابھ کا ٹاکرا ہوتا ہے، تو سکرین ان دونوں کی کیمسٹری سے جگمگا اٹھتی ہے۔ مگر افسوس پردے پر دونوں کے اکھٹے سین بہت مختصر اور تھوڑے ہیں۔

امیتابھ فلم کے مرکزی کردار کو اچھی طرح نبھا گئے مگر اتنے کمزور سکرپٹ کو ایک اکیلا اداکار نہیں بچا سکتا خواہ وہ اداکار امیتابھ بچن ہی کیوں نا ہو۔ امیتابھ اور ان کے پوتے کو لے کر تھوڑا سسپنس دکھانے کی کوشش کی گئی ہے جس میں رام گوپال ورما بری طرح ناکام رہے۔

 فلم کے ایک سین میں امیتابھ بچن کی بیگم ان سے التجا کرتی نظر آتی ہیں  کہ وہ اپنے پوتے کو نہ ماریں۔ اس تقریر میں ان کے چند ڈائیلاگ کچھ عجیب محسوس ہوتے ہیں، جیسے کہ "لوگ کیا کہیں گے، یہ کس طرح کا خاندان ہے؟" سرکار 1 اور سرکار 2 اس خاندان کے جرائم کے قصوں سے بھری ہوئی ہے جس میں ایک چھوٹے بھائی کے ہاتھوں بڑے بھائی کا قتل بھی شامل ہے۔ اس پس منظر میں ایسا ڈائیلاگ عجیب ہی لگتا ہے کہ 'لوگ کیا کہیں گے؟'

فی الحال تو لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ فلم ان کی امیدوں پر قطعاٗ پوری نہیں اتری۔ پہلے دن باکس آفس پر سرکار 3 نے صرف 3۔2 کروڑ کا بزنس کیا۔

رام گوپال ورما کی 'سرکار 3' ایک کمزور اسکرپٹ کی پھٹیچر فلم ہے اس لیے وقت آ گیا ہے کہ رام گوپال ورما یا تو اپنی ہدایتکاری پر توجہ دیں یا فلمی دنیا کو خیرآباد کہہ دیں۔

ایس ایم اشعر جیو ٹی وی میں پروڈکشن منیجر ہیں۔