پاکستان
19 مئی ، 2017

فیس سے متعلق بھارتی میڈیا پراپیگنڈا کر رہا ہے، پاکستانی وکیل

فیس سے متعلق بھارتی میڈیا پراپیگنڈا کر رہا ہے، پاکستانی وکیل

عالمی عدالت انصاف میں پاکستان کے وکیل بیرسٹر خاور قریشی کا کہنا ہے کہ ان کی فیس کے بارے میں بھارتی میڈیا پراپیگنڈا کر رہا ہے۔

’جیو نیوز‘ سے بات چیت میں بیرسٹر خاور قریشی نے کہا کہ اُن کی فیس بھارتی پراپیگنڈے کا 10 فیصد بھی نہیں ہے،جھوٹ پھیلانے والے عناصر کو بھارت سرکار کی حمایت حاصل ہو سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے پاکستان کا کیس لینے کے لیے ایک اور حکومت کے ساتھ اپنی پیشہ وارانہ مصروفیت منسوخ کی اور گزشتہ جمعے کو اپنے خرچ پر پاکستان کا ہنگامی سفر کیا۔

بیرسٹر خاور قریشی نے مزید بتایا کہ انہوں نے پاکستان سے 30 فیصد کم فیس لی ہے اور اپنے دو جونیئر اسٹاف کی فیس بھی خود ادا کی ہے۔

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ سیاست دان پوائنٹ اسکورنگ کا کوئی موقع ضائع نہیں کرتے اور اس مقصد کے لیے بھارتی جھوٹ کو استعمال کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے، ملک کے اندر ایسے لوگ موجود ہوں تو پھر غیر ملکی دشمنوں کی کیا ضرورت ہے،میڈیا کو چاہیے کہ وہ محتاط رہے اور غلط خبریں دینے سے گریز کرے۔

خاور قریشی نے کہا کہ کلبھوشن کیس میں عالمی عدالت نے صرف پروسیجرل فیصلہ دیا ہے جس کا مقصد کیس کی مکمل سماعت کرنا ہے، عالمی عدالت نے ابھی کیس کے میرٹ سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان نے کیس کے میرٹ پر اور عدالت کے اختیار سماعت پر بہت مضبوط دلائل پیش کیے ہیں، بھارت نے عالمی عدالت کو گمراہ کیا اور ہم نے یہ بات عدالت کو بتا بھی دی۔

مزید خبریں :