شہر شہر
20 مئی ، 2017

کراچی میں کارروائیوں کے دوران 9ملزمان گرفتار، 25زیرحراست

کراچی میں کارروائیوں کے دوران 9ملزمان گرفتار، 25زیرحراست

کراچی کے مختلف علاقوں جہانگیر روڈ نمبر2، ناظم آباد اور ڈالمیا میں رینجرز اور پولیس کی جانب سے کارروائیاں کی گئیں، جن میں 25 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس نےگڈاپ، سپر ہائی وے، مبینہ ٹاؤن، پی آئی بی اور صدر سے8 ملزمان گرفتار کیے، تیسرٹاؤن سے خاتون کی لاش برآمد، جبکہ گلشن معمار میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا ۔

ایس ایس پی ملیر رائو انوار کے مطابق سپر ہائی وے اور گڈاپ میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران خاتون منشیات فروش اور اس کے بیٹے سمیت 3ملزمان کو گرفتار کرلیا،ملزمان کے قبضے سے چرس، ہیروئن اور کرسٹل ملی، جبکہ 3لاکھ روپے کی نقدی بھی قبضے میں لے لی گئی ہے۔

جہانگیر روڈ پرسرچ آپریشن کے دوران رینجرز نے 5 افراد کو حراست میں لیکر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

ادھر ڈالمیا میں پولیس نے رینجرز کے ساتھ جھنڈو پاڑہ،دلوش پاڑہ اور مجاہد کالونی میں سرچ آپریشن کیا، اس دوران 10 مشتبہ افراد کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

دوسری جانب ناظم آباد میں پولیس نےسرچ آپریشن کے دوران 10 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔صدر، مبینہ ٹائون اور پی آئی بی میں پولیس نے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن میں ڈاکو، کم عمر موٹر سائیکل لفٹر عمرفاروق اور لینڈ گریبیر شامل ہیں۔

سرجانی ٹاؤن سے 20سالہ عاصمہ کی لاش ملی، پولیس کے مطابق مقتولہ کو اس کے شوہر اقبال نے گلا دباکر قتل کیا۔ماڈل کالونی میں سکیورٹی گارڈ علی گل اپنی گن کی گولی سے، جبکہ کورنگی انڈسٹریل میں ماجد ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔

مزید خبریں :