دلچسپ و عجیب
15 جون ، 2017

دنیا کے سب سے بڑے مال بردار طیارے کی کامیاب آزمائشی پرواز

دنیا کے سب سے بڑے مال بردار طیارے کی کامیاب آزمائشی پرواز

دنیا کے سب سے بڑے مال بردار طیارے نے کامیابی سے آزمائشی پرواز کی جس کے بعد کمپنی پرامید ہے کہ طیارے کو 2019 میں کمرشل فلائٹس کے لئے استعمال کیا جا سکے گا۔

برطانیہ کی کاؤنٹی بریڈ فورڈ شائر کے چھوٹے سے گاؤں کارڈنگٹن میں ائرلینڈر نامی دنیا کے سب سے بڑے مال بردار طیارے نے لینڈنگ کی۔ ائرلینڈر نے پرواز بھرنے کے بعد 4 گھنٹے تک فضا میں سفر کیا جس کے بعد کارڈنگٹن کی ہموار زمین پر کامیابی کے ساتھ لینڈنگ کی۔

ہوا میں لہراتے ہوئے بڑے سے غبارے کو دیکھ کر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور انہوں نے طیارے کو لینڈ ہوتے ہوئے دیکھا تو اس کی تصاویر بنانی شروع کردیں۔

92 میٹر طویل طیارے کی خاص بات یہ ہے کہ اسے لینڈ کرانے کے لئے کسی رن وے کی ضرورت نہیں اور یہ کسی بھی ہموار سطح پر باآسانی اتر سکتا ہے۔

اس سے قبل ائرلینڈر نے 24 اگست 2016 کو آزمائشی پرواز بھری تھی لیکن دوران لینڈنگ زمین سے ٹکرانے کے بعد بری طرح متاثر ہوا تھا جس کی وجہ سے کمپنی نے اس کی مرمت اور حادثے کی وجوہات پر کام کرنا شروع کردیا تھا تاہم اسے ایک مرتبہ پھر آزمائشی پرواز سے گزارا گیا ہے۔

ائرلینڈر طیارہ بنانے والی کمپنی ہائبرڈ ائر وہیکل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارے نے ریکارڈ 38 ہزار فٹ کی بلندی پر سفر کیا جب کہ طیارہ 10 ٹن وزن اور 60 مسافروں کو لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے جسے لگژری کمرشل فلائٹس کے لئے استعمال کیا جائے گا اور 2019 تک اسے مال برداری کے لئے بھی استعمال کیا جانے لگے گا۔

کمپنی ترجمان کا کہنا تھا کہ ائرلینڈر کی گاؤں میں لینڈگ کے حوالے سے مکینوں کو آگاہ نہیں کیا گیا تھا کیوں کہ خدشہ موجود تھا کہ لینڈنگ کے وقت وہاں بھیڑ ہوسکتی ہے تاہم اس کے باوجود طیارے نے جوں ہی ائرفیلڈ میں لینڈ کیا تو وہاں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

خیال رہے کہ مال بردار ائرلینڈر طیارہ 93 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے 16 ہزار فٹ بلندی پر سفر کرسکتا ہے جب کہ اس کی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ یہ 5 دن تک فضا میں رہ سکتا ہے۔

مزید خبریں :