کھیل
18 جون ، 2017

انٹرنیشنل کرکٹرز بھی پاکستان کی کارکردگی کے معترف

انٹرنیشنل کرکٹرز بھی پاکستان کی کارکردگی کے معترف

پاکستان کرکٹ ٹیم کی بھارت کے خلاف تاریخی فتح پر انٹرنیشنل کھلاڑی بھی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے اور نئے ٹیلنٹ کو پی ایس ایل کی پیداوار قرار دے دیا۔ 

 پاکستان کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کو 180 رنز سے شکست دے کر تاریخ رقم کردی جب کہ قومی ٹیم نے بھارت  کو بیٹنگ ، بولنگ اور فیلڈنگ میں مکمل طور پر آؤٹ کلاس کیا۔

پاکستان کی شاندار پر فارمنس پر انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا پر خوب تعریف کی۔

انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہنا تھا کہ بے ربط ڈومیسٹک کرکٹ کا اسٹریکچر، 10 سال سے ہوم گراؤنڈ پر کوئی میچ نہیں اور نہ ہی مہنگی اکیڈمیاں لیکن اس کے باوجود پاکستان چیمپئن بن گیا۔

بھارت کے سابق کپتان کپل دیو نے بھی اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان نے تمام شعبوں میں بہترین کرکٹ کھیلی اور جیت حاصل کی جس پر پاکستان کو مبارک ہو۔

 

جنوبی افریقا کے سابق کپتان گریم اسمتھ کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ پاکستان نے بالکل ویسے ہی کھیلا جیسے چیمپئنز کو کھیلنا چاہیے، پاکستان زندہ باد۔

 

آسٹریلوی کھلاڑی اسٹیو اسمتھ بھی پاکستان کی شاندار پر فارمنس پر تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے اور اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان نے امید کے مطابق عمدہ کھیلا اور فتح حاصل کی۔

سری لنکا کے سابق کھلاڑی کمار سنگاکارا نے بھی اپنی ٹوئٹ میں آئی سی سی ایونٹ میں پاکستان کی پہلی بار بھارت سے جیت پر مبارکباد دی۔

ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی ڈیرن سیمی نے بھی پاکستان کو جیت پر مبارکباد دیتے ہوئے شاندار کارکردگی دکھانے والے نوجوان کھلاڑیوں فخر زمان اور حسن علی کو پاکستان سپر لیگ کی پیداوار قرار دیا۔

مزید خبریں :