پاکستان
19 جون ، 2017

شجرکاری مہم، ملک بھر میں 22 لاکھ پودے لگا دئیے گئے

شجرکاری مہم، ملک بھر میں 22 لاکھ پودے لگا دئیے گئے

وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی’گرین پاکستان مہم‘ کے تحت گزشتہ چار مہینوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں دوملین سے زائد پودے لگادئیے گئے ۔

وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ترجمان محمد سلیم شیخ نے ’جنگـ‘ کو بتایا پاکستان کے چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور فاٹا میں فروری سے مئی کے آخر تک تقریباً 21 لاکھ 98 ہزار اور 730 پودے لگائے گئے ۔

محمد سلیم شیخ نے مزید بتایا کہ اب تک پنجاب میں 10 لاکھ اور 51 ہزار ، سندھ میں 6 لاکھ 9ہزار پانچ سو ، خیبر پختونخواہ میں 2 لاکھ 32 ہزار 4 سو، بلوچستان ، آزاد جموں و کشمیر میں 1 لاکھ 30 ہزار 5 سو، گلگت بلتستان میں 86 ہزار 330 اور فاٹا میں 87 ہزار پودے لگائے گئے۔

وزیراعظم نے گرین’ پاکستان پروگرام ‘کا آغاز رواں سال فروری میں کیا تھا اور اس کے لئے 10ارب روپے مختص کئے گئے تھے۔

ترجمان کے مطابق آئندہ پانچ سالوں میں ملک کے تمام اہم علاقوں میں مزید دس کروڑ پودے لگائے جائیں گے۔گرین پاکستان مہم سے ملکی معیشت، زراعت، توانائی، آبپاشی اور انفراسٹرکچر پرعالمی حدت کے باعث موسمیاتی تبدیلی سے مرتب ہونے والے منفی اور تباہ کن اثرات سے نمٹنے میں آسانی ہوگی۔

گرین پاکستان پروگرام وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں تمام صوبائی محکمہ جنگلات کی مشاورت سے شروع کیا گیا تھا ۔

پاکستان کا کل زمینی رقبہ 80 ملین ہیکٹرز پر محیط ہے۔ اس میں سے تقریباً پانچ فیصد رقبہ جنگلات پر محیط ہے مگر درختوں کی مسلسل کٹائی کے باعث جنگلات بہت تیزی سے کم ہورہے ہیں جس کے نتیجے میں سیلاب، لینڈسلائیڈنگ، زمینی کٹاؤ ، تیز اور بے وقت بارشوں میں اضافہ ہورہا ہے۔

 

مزید خبریں :