پاکستان
19 جون ، 2017

کرپشن ملکی سسٹم کو ڈی ریل کررہی ہے،عمران خان

کرپشن ملکی سسٹم کو ڈی ریل کررہی ہے،عمران خان

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن ملک کے سسٹم کو ڈی ریل کررہی ہے، پاناما کے فیصلے پر منحصر ہے کہ کرپٹ مافیا ملک پر مسلط رہے یا نہیں،نواز شریف اور زرداری کے ساتھ فرشتے بھی لگادو تو ملک میں کرپشن نہیں رکے گی ۔

کراچی میں پارٹی رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نے دعویٰ کیا کہ موٹو گینگ کو ڈر ہے پاناما کا فیصلہ نواز شریف کے خلاف آیاتو باقی سب کی باری آئے گی ۔

انہوں نے چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جیت نے قوم کو متحد کردیا، فخر زمان اور دیگر نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی نے ثابت کردیا کہ ملک میں اب بھی ٹیلنٹ موجود ہے، اپنا سسٹم ٹھیک کرلیں تو پاکستان ٹیم کرکٹ کی سپر پاور بن سکتی ہےاوروزیراعظم کے بورڈ کا چیئرمین مقرر کرنے سے کرکٹ میں سیاست آجاتی ہے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھاکہ دنیا میں ٹیلنٹ کی قدر ہے ، ہمارے ہاں نہیں ، ٹیلنٹ کو پالش کرنے کی ضرورت ہےجبکہ یہاں کرپشن کا ٹیلنٹ بہت زیادہ ہے،لوگ جے آئی ٹی میں ایسے جارہے ہیں جیسے کشمیر فتح کیا ہو۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں سڑکیں صرف کاغذات تک محدود ہیں،لاڑکانہ سے بہتر نظام تو موئن جو داڑو کا ہے۔

مزید خبریں :