کھیل
12 جولائی ، 2017

فکسنگ کا الزام: جنوبی افریقی بولر پر 8 سال کی پابندی عائد

فکسنگ کا الزام: جنوبی افریقی بولر پر 8 سال کی پابندی عائد

جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر لونوابو سوٹسوبے پر میچ فکسنگ کے الزام میں 8 سال کے لیے پابندی عائد کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایک روزہ کرکٹ کی بولنگ فہرست میں نمبر ون رہنے والے جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر لونوابو سوٹسوبے پر 8 سال کی پابندی عائد کردی گئی ہے، ان پر 2015 کے ڈومیسٹک ٹی 20 ایونٹ میں فکسنگ کرنے کا الزام تھا۔

جنوبی افریقا کے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت ٹسوبے سے قبل اسی کرپشن کیس میں 6 کھلاڑی پہلے بھی سزا پاچکے ہیں۔

سزا پانے والے کھلاڑیوں میں غلام بودی، الوریو پیٹریسن، تھامی سولیکیلو، جین سائمز، پمیلیلا ماشیکوے اور ایتھی امبہالیتی شامل ہیں جو 2 سے 20 سال تک کی سزا پاچکے ہیں۔

اینٹی کرپشن یونٹ کے چیئرمین نے کہا کہ فاسٹ بولر نے مجموعی طور پر 10 الزامات قبول کیے جن میں میچ فکس کرنا، بدعنوانی کے کام میں ملوث ہونے سے متعلق تفصیلات فراہم نہ کرنا، دوسرے شخص کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق آگاہ نہ کرنا، تحقیقاتی ٹیم کے ساتھ تعاون نہ کرنا اور حقائق کو چھپا کر تحقیقات میں رکاوٹ بننا شامل ہیں۔

واضح رہے جنوبی افریقا کے کرکٹ بورڈ نے 2015 میں لونوابو سوٹسوبے کو فکسنگ کے جرم میں معطل کردیا تھا۔

مزید خبریں :