انٹرٹینمنٹ
15 جولائی ، 2017

فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ کی ناکامی پر کبیر خان بھی مایوس

فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ کی ناکامی پر کبیر خان بھی مایوس

بالی وڈ کے ہدایت کار کبیر خان نے بھی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ کی ناکامی پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

بالی وڈ اسٹار سلمان خان کی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ 7 سال بعد باکس آفس پر فلاپ ہونے والی ان کی پہلی فلم ہے جب کہ فلم بھاری بجٹ سے بنائی گئی تھی جس کی ہدایتکاری کے فرائض فلم’’ایک تھا ٹائیگر‘‘ اور ’’بجرنگی بھائی جان‘‘ کے ڈائریکٹر کبیر خان نے سر انجام دیے۔

’’ٹیوب لائٹ‘‘ سلمان خان اور کبیر خان کی ایک ساتھ تیسری فلم ہے لیکن ان کی یہ فلم پچھلی 2 فلموں کی طرح ریکارڈ توڑ بزنس نہ کرسکی جب کہ فلم کے فلاپ ہونے پر ڈسٹری بیوٹرز نے بھی معاوضہ واپس کرنے کا مطالبہ کیا جس پر سلو میاں نے نقصان کا ازالہ کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

سلمان خان نے فلم کی ناکامی کے بعد مزید ایک یا دو فلموں کے نہ چلنے پر فلم نگری چھوڑنے کا عندیہ بھی دے چکے ہیں لیکن اب فلم کے ہدایت کار بھی مایوسی کا شکار ہوگئے ہیں۔

ہدایت کار کبیر خان کا اپنے انٹرویو میں کہنا تھا کہ فلم کی باکس آفس پر ناکامی سے مایوسی ہوئی ہے کیوں جب ہم میں محنت اور لگن سے فلم بناتے ہیں اور امید کے مطابق چل نہیں پاتی تو اس سے ضرور مایوسی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضروری نہیں ہے کہ میری کوئی بھی فلم ’’بجرنگی بھائی جان‘‘ کی طرح کامیاب ہو لہٰذا مجھے ’’ٹیوب لائٹ‘‘ بنانے پر بھی فخر ہے۔

فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ 105 کروڑ کے بجٹ سے بنائی گئی ہے اور فلم نے بھارت میں 120 کروڑ سے زائد کی ہی کمائی کرسکی۔

مزید خبریں :