انٹرٹینمنٹ
16 جولائی ، 2017

فلم ’’اڑتا پنجاب‘‘ نے آئیفا ایوارڈ میلہ لوٹ لیا

فلم ’’اڑتا پنجاب‘‘ نے آئیفا ایوارڈ میلہ لوٹ لیا

بالی وڈ کے دوسرے سب سے بڑے ایوارڈ ’’انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی‘‘ ایوارڈ کا میلہ فلمساز انوراگ کشیاب کی فلم ’’اڑتا پنجاب‘‘ نے لوٹ لیا۔

بھارتی فلم نگری کے دوسرے سب سے بڑے 18ویں ’’انٹر نیشنل فلم اکیڈمی ایوارڈ‘‘ کی تقریب امریکی ریاست نیو یارک میں منعقد ہوئی جس میں نامور اداکاروں نے شرکت کی جب کہ تقریب میں بڑے بڑے اسٹارز نے اسٹیج پر پرفارم کرکے جلوے بکھیرے۔

 

ہدایت کار ابھیشیک چوبے کی فلم ’’اڑتا پنجاب‘‘ کا تقریب میں خوب چرچا رہا جس نے بہترین اداکار  اور اداکارہ کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔

خیال رہے کہ فلم اڑتا پنجاب کو نمائش کی اجازت کے لیے بڑے پاپڑ بیلنے پڑے تھے اور سنسر بورڈ کی جانب سے فلم میں 30 سے زائد اعتراض لگائے تھے جس پر فلمسازوں نے ہائی کورٹ سے فلم کی نمائش کی اجازت لی تھی لیکن اب یہی فلم آئیفا ایوارڈ کی تقریب میں چھائی رہی۔

فلم ’’اڑتا پنجاب‘‘ میں شاندار اداکاری پر بہترین اداکار کا ایوارڈ شاہد کپور کے حصے میں آیا جب کہ عالیہ بھٹ کو بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ فلم میں پنجابی گلوکار دلجیت ڈوسانج کو بہترین میل ڈیبوٹینٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔

فلم ’’نیرجا‘‘ میں شبانہ اعظمی کو بہترین اداکاری پر بہترین معاون اداکارہ اور  انوپم کھیر کو فلم ’’ایم ایس دھونی ان ڈولڈ اسٹوری‘‘ میں بہترین معاون اداکار کا ایواڈ دیا گیا۔

آئیفا ایوارڈ میں سب سے بہترین فلم کا ایوارڈ سونم کپور کی فلم ’’نیرجا‘‘  کے نام رہا جب کہ نوجوان اداکار ورون دھون نے فلم ’’ڈشوم‘‘ میں بہترین مزاحیہ اداکار کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔

ہدایت کار کرن جوہر کی فلم ’’اے دل ہے مشکل‘‘ میں بہترین موسیقی دینے پر موسیقار پریتم کو بہترین میوزک ڈائریکٹر کا ایوارڈ دیا گیا۔

مزید خبریں :