پاکستان
16 جولائی ، 2017

نواز شریف اپنی جگہ کوئی اور وفادار شخصیت لے آئیں، خورشید شاہ

نواز شریف اپنی جگہ کوئی اور وفادار شخصیت لے آئیں، خورشید شاہ

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم کو استعفا دے دینا چاہیے اور ہم چاہتے ہیں نواز شریف اپنی جگہ کوئی اور وفادار شخصیت لے آئیں۔

سکھر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ پر وقت لینے کی کوشش کرے گی اور اس کیس پر حتمی فیصلے کے لیے زیادہ سے زیادہ ایک ہفتہ یا 10 دن چاہیئے جب کہ جے آئی ٹی کا کیس قانونی ہے لہذا کسی کو جھگڑنے کی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی نے ایمانداری سے تحقیقات کی ہیں اور اب معاملہ عدالت میں ہے،  جو بھی فیصلہ کرے گی اسے سب کو ماننا ہوگا۔

قائد حزب اختلاف نے مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پہلے ہی کہا تھا ن لیگ جےآئی ٹی رپورٹ کومتنازع بنائے گی اور اب اسے متنازع بنایا جارہا ہے جب کہ اب بھی کہتا ہوں وزیراعظم کو استعفا دے دینا چاہیے اور ہم چاہتے ہیں نواز شریف اپنی جگہ کوئی اور وفادار شخصیت لے آئیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے بھی جمہوریت اور پارلیمنٹ کو بچانے کی کوشش کی آج بھی یہی کوشش ہے اور ہم قبل ازوقت الیکشن کے حامی نہیں ہیں بلکہ ہم چاہتے ہیں اسمبلی اپنی مدت پوری کرے جب کہ نواز شریف کوشش کریں نیا وزیراعظم لے آئیں کیوں کہ ہم بھی نیا وزیراعظم لائے تھے۔

جے آئی ٹی رپورٹ کے سی پیک پر اثرات سے متعلق کہنا تھا کہ حکومت مخالف فیصلہ آنے سے سی پیک منصوبے پر کوئی فرق نہیں پڑے گا کیوں کہ سی پیک حکومتوں کے درمیان سمجھوتہ ہے اور چین کے تعاون سے جاری ہے۔

مزید خبریں :