پاکستان
17 جولائی ، 2017

نواز شریف اور بچوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج ہونے چاہئیں، عمران خان

نواز شریف اور بچوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج ہونے چاہئیں، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا کہ کہ نواز شریف اور بچوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج ہونے چاہئیں۔

پاکستان تحریک انصاف  کے چیرمین عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں پارٹی اجلاس ہوا جس میں سپریم کورٹ میں آج ہونے والی سماعت اور ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔

اس موقع پر پی ٹی آئی چیرمین کا کہنا تھا کہ شریف فیملی کے پاس اپنے دفاع میں کہنے کو کچھ نہیں ہے جب کہ شریف خاندان نے سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی میں جھوٹ بولا اور جعلی دستاویزات دیں۔

انہوں نے کہا کہ شریف خاندان نے مفروضوں کی بنیاد پر جے آئی ٹی رپورٹ چیلنج کی جب کہ نواز شریف اور بچوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج ہونے چاہئیں۔

 اس سے قبل پاناما کیس کی اہم ترین سماعت میں پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے وکلا سمیت شیخ رشید نے دلائل مکمل کیے جس کے بعد عدالت نے شریف خاندان کے وکیل کے دلائل کے آغاز میں سماعت کل تک ملتوی کردی۔

سپریم کورٹ کی بنائی گئی جے آئی ٹی نے گزشتہ ہفتے 10 جولائی کو اپنی رپورٹ عدالت عظمیٰ میں جمع کروائی جس کے بعد اس کیس کی آج پہلی سماعت ہوئی۔

سپریم کورٹ کے حکم پر 20 اپریل کو شریف خاندان کی منی ٹریل کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دی گئی تھی جسے 60 روز میں اپنی تحقیقات مکمل کرنے کا حکم دیا گیا۔

جے آئی ٹی نے 10 جلدوں پر مشتمل اپنی حتمی رپورٹ میں کہا کہ شریف خاندان کے معلوم ذرائع آمدن اور طرز زندگی میں تضاد ہے۔

 

مزید خبریں :