کاروبار
08 اگست ، 2017

نوازشریف کو ہٹاکر پاکستان کی اقتصادی ترقی خطرے میں ڈال دی گئی، عالمی جریدے

نوازشریف کو ہٹاکر پاکستان کی اقتصادی ترقی خطرے میں ڈال دی گئی، عالمی جریدے

عالمی جریدوں نے نوازشریف کو وزارت عظمیٰ سے ہٹانے کو پاکستان کی اقتصادی ترقی کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف قرار دیا ہے۔

دنیا بھر کے اخبارات، جرائد اورتھنک ٹینکس کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو ہٹانے سے پاکستان کی اقتصادی ترقی خطرے میں ڈال دی گئی  ہے اور پاکستان کو غیر یقینی کی تازہ صورتحال میں ڈال دیا  گیا ہے، 70 سال  کے دوران پاکستان کا کوئی  وزیر اعظم  آئینی مدت پوری نہ کر سکا۔

امریکا کے  ملٹری اخبار Stars and Stripes   اور امریکی ٹی وی ’’ بلوم برگ‘‘ کی رپورٹس میں کہا گیا ہےکہ 70 سال سے پاکستانی وزرائے اعظم کو گورنر جنرلوں، فوجی سربراہوں اور ججوں کے ذریعے ہٹایا جاتا رہا تاہم 2013کے انتخابات کے بعد یہ توقع کی جارہی تھی کہ نواز شریف اپنی آئینی مدت پوری کریں گے لیکن ایسا نہ ہوسکا ۔

برطانوی جریدہ ’’ اکنامسٹ‘‘ لکھتا ہے کہ فیصلے سے پاکستان کی کمزور جمہوریت کو ایک اور دھچکا لگا ہے،  نواز شریف کی نااہلیت کے فیصلے پر سوال اٹھ سکتے ہیں، عدلیہ نے ایمانداری اور بلند کردار ہونے کی جس شق کا سہارا لیا اس معیار پر پورا اترنا ناممکن ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے ’’سی این این ‘‘ کی رپورٹ کے مطابق عدالتی فیصلے کے باوجود مسلم لیگ نواز کی آئندہ انتخابات میں واضح اکثریت سے کامیابی متوقع ہے۔

معروف امریکی اخبار ’’واشنگٹن پوسٹ‘‘ نے اپنے اداریے میں لکھا کہ پاکستان کے وزیراعظم کو اقتدار سے ہٹائے جانے کے سپریم کورٹ کے فیصلے سے پاکستانیوں کے لیے پھر سے ایک افسوسناک روایت کی یاد تازہ ہو گئی ہے۔

چینی خبر رساں  ادارے’Xinhua ‘  نے لکھا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے نواز شریف کی نااہلیت کے فیصلے کے باوجود ان کا کردار پاکستانی سیاست میں غالب رہے گا۔

 سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ نوازشریف آئندہ انتخابات میں عدالتی فیصلے سے متاثرہ کارڈ کو استعمال کرسکتے ہیں۔

چین کے سرکاری حمایت یافتہ اخبار ’’گلوبل ٹائمز‘‘نے لکھا کہ نواز شریف کی نااہلیت نے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کوغیر یقینی صورت حال سے دو چار کر دیا ہے۔

جاپانی جریدہ ’’نکی ایشئن ریویو‘‘ لکھتا ہے کہ نواز شریف کی اقتدار سے بے دخلی نے پاکستان کو غیر یقینی کی تازہ صورتحال میں ڈال دیا ہے۔

ایرانی اخبار’’ایران نیوز‘‘کے مطابق پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کے عدالتی فیصلے کے بعد استعفیٰ نے ملک کی اقتصادی ترقی کوخطرے میں ڈال دیا۔

مزید خبریں :