کوئٹہ میں پشین اسٹاپ کے قریب دھماکا، 15 افراد شہید


کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دھماکے کے ذریعے سیکورٹی فورسز کی گاڑی کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں اب تک 15 افراد شہید جبکہ 27 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

جیو نیوز کے مطابق یہ دھماکا پشین روڈ پر موجود ایک گاڑی میں ہوا ہے جس کے بعد کئی گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ 

وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دھماکا بہت بڑا تھا جس کے باعث آگ لگ گئی، زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے ذریعے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جبکہ اس کی نوعیت تاحال واضح نہیں ہوسکی۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے 8 سے 9 افراد کی حالت تشویشناک ہے جنہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔

آگ لگنے والی گاڑیوں میں دو گاڑیاں، چار رکشے اور دو موٹر سائیکلیں شامل ہیں۔ دھماکے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

کوئٹہ کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

— فوٹو جیو نیوز

ریسکیو ذرائع کے مطابق فائر بریگیڈ کی 3 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

زخمیوں کو اسپتال پہنچایا جارہا ہے جبکہ سیکیورٹی اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

دوسری جانب صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر داخلہ بلوچستان نے کوئٹہ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔



مزید خبریں :