یہ وقت ایک دوسرے کو نہیں، دہشتگردی کو نیچا دکھانے کا ہے: احسن اقبال


کوئٹہ: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ یہ وقت ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کا نہیں بلکہ دہشت گردی کو نیچا دکھانے کا ہے، ہم حالت جنگ میں ہیں اور اندرونی اتحاد کی ضرورت ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری کے ہمراہ کوئٹہ میں سی ایم ایچ کے دورے کے موقع پر انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا واقعہ ہمارے عزم کو بڑھاتا ہے، اسے جڑ سے اکھاڑنا ہمارے مستقبل کا سوال ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2013میں دہشت گرد چڑھائی پر تھے اور ریاست محاصرے میں تھی، اب دہشت گرد محاصرے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تین چار سال میں دہشت گردی کےخلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، دہشت گرد بزدلانہ کارروائیاں کرکے وجود قائم رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کو دہشت گردوں نے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اب تک 14 افراد شہید ہوچکے ہیں جبکہ متعدد زخمی کوئٹہ کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہم دہشت گردی کےاس واقعہ سمیت تمام واقعات کےمحرکین تک پہنچیں گے، ہمارے سیکیورٹی ادارے چوکس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم حالت جنگ میں ہوتو اندرونی اتحاد کی ضرورت ہوتی ہے، یہ وقت ایک دوسرے کو نہیں، دشمن کو نیچا دکھانے کی ضرورت ہے، وہ وقت دور نہیں جب یہ کارروائیاں ختم ہوجائیں گی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کہا کہ ہم نے ماضی میں دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا ہے، ہم دہشت گردی کےخلاف ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھے۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ حملے کو سیکیورٹی کوتاہی قرار دینا درست نہیں، وفاقی اور صوبائی حکومت کےساتھ بارڈر مینجمنٹ پر کام کررہے ہیں۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ فرانزک تحقیقات میں مدد کیلیےپنجاب حکومت سےدرخواست کی ہے اور فرانزک کی ٹیم پہلی دستیاب فلائٹ سےکوئٹہ پہنچےگی۔



مزید خبریں :